کوئٹہ/بیجنگ(اڈیلی گرین گوادر)نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا ہے کہ بلوچستان کی حکومت اور عوام پاک چین اقتصادی راہداری کی تعمیر کی مکمل حمایت اور چینی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہیں چین سمیت دوسرے ممالک کی سرمایہ کاری کے لیے دوستانہ ماحول فراہم کرنے کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، پاکستان اور چین کی دوستی پہاڑوں سے اونچی، سمندروں سے گہری،ر شہد سے میٹھی اور فولاد سی مضبوط ہے، یہ بات انہوں نے دورہ چین کے موقع پر چین کے محکمہ برائے ایشائی معاملات کے ڈائریکٹر جنرل لیو جنسانگ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعلیٰ میر علی مردان ڈومکی نے کہا کہ پاکستان اور چین نے سیاست، معیشت، سائنس، ٹیکنالوجی اور ثقافت کے مختلف شعبوں میں تعاون کے بہترین نتائج حاصل کئے ہیں دونوں ممالک دوستی کی ہر آزمائش پر پورے اترے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی حکومت اور عوام معاشی اور سماجی ترقی کے تناظر میں چینی امداد کے شکر گزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے پر عزم ہے اور چین سمیت دوسرے ممالک کی سرمایہ کاری کے لیے دوستانہ ماحول فراہم کرنے کے لیے بر سرپیکارہے۔

اس موقع پر چینی وزارت خارجہ کے ایشیائی محکمہ کے ڈائریکٹر جنرل لیو جنسانگ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان قریبی دوست ہیں اور ہمیشہ ساتھ مل کر کام کرنے والے پڑوسی ملک ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ان کو شاعر مشرق علامہ اقبال کے وہ اشعار بہت پسند ہیں جن میں وہ کہتے ہیں کہ ” میری زندگی کا مقصد غریبوں کی، بیماروں اور معذوروں کی مدد کرنا اور کمزوروں کے ساتھ ہمدردی رکھنا ہے” یہی وہ کار خیر ہے جو چین پاکستان اور خاص کر بلوچستان میں انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی طرف سے یہ دوستی مجموعی طور پر پورے پاکستانی خطے کے لیے ہے مستقبل میں بھی چین بلوچستان کے لوگوں کی بہتر زندگی کے لیے اعانت کرنے کے لیے تیار ہے اور روزگار کے ایسے منصوبے شروع کرے گا جو کم آمدن کے لوگوں کے لیے فائدہ مند ہوں۔انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی ترقی کی ضامن ہے قوی امید ہے کہ پاکستان بلوچستان میں سلامتی کو یقینی بنائے گا، دہشت گردوں کا خاتمہ کرے گا، غربت اور بے روزگار کو جڑ سے ختم کرے گا اور نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کرے گا۔ انھوں نے کہا کہ امید ہے دونوں ممالک چینی سفارت کاری، جدید کاری اور پاک چین اقتصادی راہداری کے معاملے پر بالی صوبہ میں افہام و تفہیم بڑھانے کے لیے مل جل کر کام کریں گے۔ چین اور پاکستان میں کہاوت ہے کہ ” اتحاد طاقت ہے”جب تک چین اور پاکستان بھائی ہیں، پاکستان کے تمام خطے اور تمام طبقات متحد ہیں اور بلوچستان کے تمام گروہ آپس میں متحد ہیں تو مزید کامیابیاں اور ترقی حاصل کی جا سکتی ہے۔

