کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان ظفر اقبال خان نے کہاکہ بد عنوانی کی روک تھام کے لئے تمام اداروں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ نیب بلوچستان کی تفتیش اور پراسیکیوشن کے نتیجے میں،مجرمان کی کل 887 پراپرٹیز ایسی ہیں،جنکی بابت احتساب عدالتوں سے لیکر سپریم کورٹ تک کیس اپنے منتقی انجام تک پہنچا ہے اور مزکورہ 887 پراپرٹیز میں سے 16 ارب روپے مالیت کی 867 پراپرٹیز قبل ازاں صوبائی حکومت و متعلقہ محکمہ جات کے حوالے کی جا چکی ہیں۔ جبکہ آج کی تقریب میں 2.42 ارب کی 20 پراپرٹیز صوبائی حکومت کے حوالے کررہے ہیں، یہ بات قابل ذکر ہے کہ مزکورہ 887 پراپرٹیز کے علاوہ نیب بلوچستان کی تفتیش کے نتیجے میں ملزمان کی طرف سے رضاکارانہ طور پر 2 ارب روپے مالیت کی 35 پراپرٹیز بھی اس سے قبل بلوچستان گورنمنٹ کے حوالے کی جا چکی ہیں۔مزید یہ کہ 17 ارب روپے مالیت کی 110 پراپرٹیز کے خلاف اپیلوں کی درخواستیں زیر سماعت ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو انسداد بد عنوانی کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ187 ممالک اقوام متحدہ کے انسداد بد عنوانی کنونشن کی توثیق کرچکے ہیں، پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے جنہوں نے اقوام متحدہ کے انسداد بد عنوانی کنونشن کی سب سے پہلے توثیق کی تھی، بدعنوانی کی روک تھام صرف ایک ادارے کے لیے ممکن نہیں، نوجوان کرپشن کی روک تھام میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے کرپشن جیسی لعنت کو ختم کرنے پر زور دیا تھا، کرپشن معاشرے کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے، سوشل میڈیا کو علم کا ذریعہ بننا چاہیے، لیکن سوشل میڈیا پر بغیر تحقیق چیزیں پھیلائی جاتی ہیں اور سوشل میڈیا کے ذریعے ہی جھوٹ بڑی تیزی سے پھیل رہا ہے، 30 ارب روپے کے 122 کیسز احتساب عدالتوں میں زیرِ سماعت ہیں، عدالتوں نے مختلف کسیز میں 5 ارب روپے کے جرمانے کئے ہیں، جنکی ریکوری کے لئے چیئرمین نیب کے احکامات کی روشنی میں کاروائیوں میں تیزی لائی جا رہی ہے۔
بد عنوانی کی روک تھام کے لئے تمام اداروں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،ظفر اقبال خان

ٹیگز:
ظفر اقبال خان
