کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنما وسردارزادہ میر سعیدجان لانگو نے کہا ہے کہ قلات اور منگچر میں کیسکو کی غیر اعلانیہ اورطویل لوڈشیڈنگ اور زمینداروں کے کنکشن منقطع کرنے سے زراعت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے اورزمینداروں کو کروڑوں روپے کا نقصان ہورہا ہے کیسکو حکام زمینداروں کے ساتھ اپنا رویہ درست کریں بصورت دیگر عوام کے ساتھ ملکرسخت احتجاج پر مجبور ہونگے۔یہ بات انہو ں نے ہفتہ کو یہاں زمینداروں کے ایک وفدسے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔میرسعید جان لانگو نے کہا کہ قلات،منگچراورگردونواح میں کیسکو کی جانب سے غیراعلانیہ اورطویل لوڈشیڈنگ کے باعث فصلوں کو بروقت پانی نہ ملنے سے زمینداروں کو کروڑوں روپے کانقصان اٹھاناپڑ رہا ہے تو دوسری طرف کیسکو کی جانب سے زمینداروں کے ٹیوب ویلوں کے کنکشن بغیر کسی وجہ کے منقطع کئے جارہے ہیں جو زمینداروں کے معاشی قتل کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ زمیندار کیسکو کے عملے کو باقاعدہ رقم کی ادائیگی کرکے ٹیوب ویلوں کے لئے کنکشن لگاتے ہیں اگر کیسکو کا عملہ یہ رقم خزانے میں جمع نہیں کراتا ہے تواس میں زمینداروں کاکیا قصور ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیسکو حکام زمینداروں کے ٹیوب ویلوں کے کنکشن منقطع کرنے کی بجائے اپنے محکمے میں بیٹھی کالی بھیڑوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے 80فیصد عوا م کاذریعہ معاشی زرعت سے وابستہ ہے صوبے میں دوسرے روزگار کے ذرائع نہ ہونے کے برابر ہے لیکن کیسکو کا عملہ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت زراعت کو بھی تباہی کی طرف لے جارہاہے جو کسی بھی طرح ملک اور صوبے کے مفا د میں نہیں ہے۔ انہوں نے کیسکو حکام سے مطالبہ کیا کہ قلات،منگچر اور گردونواح میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کافوری طور پر خاتمہ اور زمینداروں کے ٹیوب ویلوں کے کنکشن کاٹنے کا سلسلہ بند کیا جائے بصورت دیگر عوام کے ساتھ ملکر سخت احتجاج پر مجبور ہونگے جس کی تمام ترذمہ داری کیسکو حکام پرعائد ہوگی۔
کیسکو کا عملہ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت زراعت کو بھی تباہی کی طرف لے جارہاہے، سردارزادہ میر سعیدجان لانگو

