کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے ضلع کمیٹی کا اجلاس پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر وضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی شہادت کی برسی کے جلسہ عام کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور تحصیلوں اور تشکیل دی گئی کمیٹیوں سے رپورٹس طلب کی گئی۔ تحصیل صدر کی رپورٹ نعیم پیر علیزئی، کچلاغ تحصیل رپورٹ ملک نادر کاکڑ، سریاب تحصیل رپورٹ سید عبدالخالق آغا اور سٹی تحصیل رپورٹ منان نصرت نے پیش کی۔ اجلاس میں پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان، صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز سردار حیات میرزئی، اقبال بٹے زئی، حفیظ ترین،دوست محمد لونی، ملک یاسین بازئی، نعمت کاکڑ،ضلع سینئر معاونین معلم سعیدخان کاکڑ، جمشیددوتانی نے شرکت کی۔ اجلاس کی کارروائی ضلع سینئر معاون سیکرٹری نصیر کاکڑ نے سرانجام دی۔ اجلاس سے پارٹی رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2دسمبر کو جلسے کی کامیابی کے لیے پارٹی کارکنوں نے انتھک محنت کرنی ہوگی، موجودہ حالات میں عوام ہر جانب مسائل ومصائب سے دوچار ہیں، بدترین بیروزگاری، سخت ترین مہنگائی، بدامنی کی صورتحال نے عوام کو جھکڑ کر رکھا ہے۔ گھر گھر عوامی رابطہ مہم کے دوران عوام کو یہ باور دلانا ہوگا مسائل کا حل اور موجودہ حالات سے نجات کے لیے عوام نے پارٹی کا ساتھ دینا ہوگا اور پشتونخواملی عوامی پارٹی ہی عوام کے ساتھ ہر قسم کے حالت میں کھڑی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی اور کیسکو مسلسل عوام دشمنی کے مرتکب اقدامات پر اُتر آئے ہیں، گیس کی کم پریشر میں صرف 6سے8گھنٹے کی فراہمی اور 16گھنٹے کی بندش کا اقدام قابل مذمت اور کمپنی کے خلاف عوامی احتجاج کی دعوت دینا ہے۔ اسی طرح کیسکو کی جانب سے ہر علاقے میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ شروع کی گئی ہے جان بوجھ کر منصوعی لوڈشیڈنگ کے ذریعے عوام کو دن رات تاریکی میں رکھا گیا جس سے صارفین ذہنی کوفت کا شکار ہوچکے ہیں اور متبادل ذرائع کے لیے مہنگے داموں بجلی وگیس کی ضرورت پوری کرنے کے لیے درپدری کی ٹھوکریں کھارہے ہیں۔ پینے کے صاف پانی کی یہ صورتحال ہے کہ محکمہ واسا خود کیسکوکے رحم وکرم پر ہے، ٹرانسفارمرز نہ ہونے، بجلی کی پانی کی فراہمی کے اوقات میں بندش، لوڈشیڈنگ کا بہانہ کرنے واسا کے ملازمین خود کو اپنی ذمہ داریوں سے بری الذمہ قرار دیتے ہیں جس کا نوٹس لینا محکمہ واسا کے اعلیٰ حکام کی ذمہ داری ہے۔ عوام کی تائید سے مسائل کے حل کے لیے سیاسی جمہوری احتجاج کا راستہ اختیارکرنا ہوگا۔ اجلاس سے پارٹی رہنماؤں نے ضلع کوئٹہ کے تمام عہدیداروں، کارکنوں کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی شہادت کی 53ویں برسی کے جلسہ عام کی کامیابی کے لیے شب وروز محنت کریں، پارٹی کے تمام ذیلی سطح کے تنظیمی اجلاسوں، سیاسی سرگرمیوں میں تیزی لاتے ہوئے دی گئی ہدایات کے مطابق اپنے فرائض کو بخوبی سرانجام دیں اور کارکنوں کی محنت ہی کے بدولت 2دسمبر کا جلسہ کامیاب ہوسکتا ہے۔
بدترین بیروزگاری، سخت ترین مہنگائی، بدامنی کی صورتحال نے عوام کو جھکڑ کر رکھا ہے، پشتونخوامیپ

ٹیگز:
پشتونخوامیپ
