پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کی آزادی کی اس جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑی ہے ، میر ضیاء اللہ لانگو
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو کا یوم یکجہتی کشمیر 5فروری کے موقع پر پیغام میں وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ کشمیر کی آزادی کشمیریوں کا بنیادی حق ہے اور دُنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں کو ان کے حق خود ارادیت سے محروم نہیں کر سکتی۔ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کی آزادی کی اس جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ہماری جدوجہد مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک جاری رہے گی۔ کشمیری بھائیوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے اپنے پیغام میں وزیر داخلہ بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی سپورٹ کشمیر کی آزادی تک جاری رکھیں گے۔وزیر داخلہ نے کہاہے کہ گزشتہ سات دہائیوں سے کشمیری عوام جس طرح بھارتی سرکارکے ظلم و ستم کا شکار ہے وہ نہایت ہی قابل مذمت ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے بھارت آئے روز نئے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔ جس طرح مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام اپنی جدوجہد آزادی کیلئے بھارتی فوج کا مقابلہ کر رہے ہیں وہ قابل تعریف ہیں۔ اُنہوں نے کہاکہ انشاء اللہ ان کی جدوجہد ضرور کامیاب ہو گی اور کشمیری بھائی امن او ر خوشحالی کے ساتھ ایک نئی اور آزاد زندگی کا سفر جلد شروع کریں گے۔ اُنہوں نے کہاکہ اقوام عالم کا فرض ہے کہ وہ بھی مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی آواز بنیں تاکہ بھارت پر یہ بات واضح ہو جائے کہ دُنیا ریاستی جبر کے خلاف مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ ہے اور ان کے اُصولی موقف کی تائید کر تی ہے