محکمہ اطلاعات کو مزید جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے،سیدال خان لونی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)صوبائی سیکرٹری اطلاعات سیدال خان لونی نے منگل کے روز ڈائریکٹریٹ جنرل محکمہ تعلقات عامہ کوئٹہ کا مختصر دورہ کیا اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل محکمہ تعلقات عامہ کامران اسد نے ان کا استقبال کیا۔ ڈائریکٹر پریس نصر اللہ کاکڑ، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن نجیب لانگو، ڈپٹی ڈائریکٹر اکاؤنٹس اشفاق حسین، ڈپٹی ڈائریکٹر محمد اسلم ناصر،اسٹنٹ ڈائریکٹرز اور انفارمیشن آفیسرز بھی اس موقع پر موجود تھے- اس موقع پر ڈی جی تعلقات عامہ نے محکمہ کے مختلف شعبوں سے متعلق بریفنگ دی۔سیکرٹری انفارمیشن نے محکمہ کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور ایڈورٹائزمنٹ سیل میں مختلف اخباری و نشریاتی اداروں کو اشتہارات کے حوالے سے جدید آن لائن سہولیات کی فراہمی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس جدید دور میں محکمہ اطلاعات کا کردار کلیدی ہے جو حکومت کے اہم اقدامات اور حکومت کے تعمیر و ترقی کے وژن کو عوام تک پہنچاتی ہے انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات کو مزید جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈوں کی روک تھام اور موثر ردعمل کے لیے ادارے کی سوشل میڈیا سیل کی کارکردگی انتہائی اہم ہے اور یہ امر خوش آئند ہے کہ ادارہ حکومت کے عوامی نوعیت کے اقدامات اور حکومت کے عوام دوست وژن کی سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر بھی بھرپور انداز سے تشہیر کرتا ہے جو یقینا ادارے کی جانب سے ایک خوش آئند اقدام ہے۔