پیپلز پارٹی نے جمہوریت کے لئے سب سے بڑھ کر قربانیاں دی ہیں،نواب ثناء اللہ خان زہری
خضدار(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء چیف آف جھالاوان سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ پیپلز پارٹی نے جمہوریت کے لئے سب سے بڑھ کر قربانیاں دی ہے استحکامِ جمہوریت اور آئین کی حفاظت پیپلزپارٹی کی گڈ بک کا حصہ ہے۔ اٹھارویں ترمیم جس سے آج تمام صوبے اور خصوصاً چھوٹے صوبے فائدہ حاصل کررہے ہیں وہ پیپلز پارٹی کا دیا ہوا تحفہ ہے، کارکن جوش و جذبے کے ساتھ بلدیاتی الیکشن میں حصہ لیں اور معرکہ جیت کر عوام کے لئے خدمت کے نئے دور کا آغاز کریں۔ یہ بات انہوں نے خلق جھالاوان خضدار میں پیپلز پارٹی قلات سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنماؤں اور امیدواروں سے گفتگو کرتے ہوئے کرتے ہوئے کیا۔سیاسی و قبائلی رہنماء آغا عرفان احمد زئی نوابزادہ شعیب زہری سردار شکیل احمد دہوارارباب محمد نعیم دہوارنے خلق جھالاوان خضدار میں ان سے ملاقات کی۔ اس سے قبل انہوں نے پیپلز پارٹی قلات کے رہنماؤں سرفراز نیچاری نصیراحمد بابئی علی اکبر حاجی عبدالغفور ٹکری محبوب شاہوانی غلام فرید و دیگر کو پارٹی ٹکٹ جاری کردیا۔ پیپلز پارٹی قلات کے رہنماؤں نے نواب ثناء اللہ خان زہری سے پارٹی امور پر بات چیت کی اور انہیں قلات میں پارٹی پوزیشن سے بھی آگاہ کیا۔ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کا کہنا تھاکہ پارٹی نے رواں سال کامیاب لانگ مارچ کا انعقاد کیا اور پھردوسری جماعتوں سے مل کر پارلیمنٹ کے اندرکامیابی لانے میں کردار ادا کیا عوام کی خدمت ہمارے منشور و اغراض ومقاصد کا حصہ ہے جس کو نبہانے کے لئے نچلی سطح سے لیکر مرکز تک پارٹی جدوجہد کررہی ہے انہوں نے کہاکہ پارٹی ورکرز محنت جاری رکھ کر بلدیاتی الیکشن میں بھر پور انداز میں کامیابی حاصل کرکے پارٹی کو واضح اکثریت دلانے میں کامیاب ہوجائیں۔