کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)محکمہ کھیل و امور نوجوانان بلوچستان کے زیرِ اہتمام چھٹا آل پاکستان چیف منسٹر بلوچستان فٹبال گولڈ کپ کے شاندار اور سنسنی خیز مقابلے کوئٹہ کے مختلف گراؤنڈز پر جاری ہیں، جس میں ملک بھر سے نامور فٹبال ٹیمیں بھرپور حصہ لے رہی ہیں۔
آج ایوب اسپورٹس کمپلیکس کوئٹہ میں دو اہم اور دلچسپ میچز کھیلے گئے۔ پہلے میچ میں خیبر گرین فاٹا اور ریئل ہدہ کی ٹیمیں مدمقابل ہوئیں۔ ریئل ہدھ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے خیبر گرین فاٹا کو 2-0 سے شکست دے کر اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
دوسرے میچ میں شہید عثمان یونائیٹڈ اور مدِمقابل بلوچ ملیر کی ٹیم کے درمیان انتہائی سنسنی خیز اور ہائی تھرلنگ مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ میچ کے دوران شائقینِ فٹبال کی بڑی تعداد گراؤنڈ میں موجود رہی اور تقریباً پورا گراؤنڈ تماشائیوں سے بھرا رہا۔ دونوں ٹیموں نے بہترین کھیل پیش کیا، مقررہ وقت تک میچ 2-2 گول سے برابر رہا اور میچ بناکسی نتیجے کے ختم ہوا۔
میچز کے دوران شائقینِ فٹبال نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا اور اتنے بڑے اور منظم فٹبال ایونٹ کے انعقاد پر حکومتِ بلوچستان، محکمہ کھیل و امور نوجوانان بلوچستان اور چیف منسٹر بلوچستان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ شائقین نے وزیر مشیر کھیل و امور نوجوانان مینامجید بلوچ، سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز جناب درا بلوچ، ڈاریکٹر جنرل اسپورٹس ڈاکٹر یاسر بازئ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایکٹیویٹیزآصف لانگو کی کاوشوں کو بھی سراہا اور کہا کہ ملک بھر کی ٹیموں کو ایک بڑے پلیٹ فارم پر اکٹھا کرکے اتنے بڑے فٹبال ٹورنامنٹ کا انعقاد قابلِ تحسین اقدام ہے۔
شائقین کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں فٹبال کے فروغ، نوجوانوں کو کھیلوں کے مواقع فراہم کرنے اور صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو مزید فعال بنانے کے لیے ایسے بڑے ایونٹس کا انعقاد انتہائی اہم ہے، جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔

