کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ تاجر اور صنعتکار ملک کے معاشی نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، بزنس کمیونٹی کی خدمت دراصل ملک و قوم کی خدمت ہے۔ تاجر برادری اپنے کاروبار کے ذریعے نہ صرف سرکاری خزانے میں ٹیکس کی صورت میں اہم حصہ ڈالتی ہے بلکہ ہزاروں افراد کیلئے روزگار کے مواقع بھی پیدا کرتی ہے۔ گورنر مندوخیل نے کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نومنتخب صدر احمد گل کاکڑ، سینئر نائب صدر میرزا خان خلجی اور کابینہ کے تمام نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ نئی قیادت بلوچستان کی تاجر و صنعتکار برادری کے مسائل کے حل اور صوبے کی معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مؤثر کردار ادا کریگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سالانہ جنرل اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نومنتخب صدر احمد گل کاکڑ، سینئر نائب صدر میرزا خان خلجی، کابینہ کے دیگر عہدیداران اور پیٹرن اِن چیف غلام فاروق خلجی سمیت تاجر و صنعتکار برادری کے نمائندگان نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں اور صنعتکاروں کی سرگرمیوں سے ملک بھر میں تجارتی اور معاشی منڈیاں رواں دواں ہیں۔ تاجر برادری محنت اور حلال کمائی کے ذریعے نہ صرف اپنے خاندانوں کا معاشی مستقبل سنوار رہی ہے بلکہ قومی معیشت کو بھی مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان میں قومی شاہراہوں پر سفری مشکلات کے سب سے منفی اثرات تاجر برادری پر مرتب ہو رہے ہیں۔ صوبے میں امن و امان کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے۔ قومی شاہراہوں پر محفوظ اور بلا رکاوٹ سفر کو یقینی بنانے کیلئے سیاسی مذاکرات کے ساتھ ساتھ ٹھوس اور عملی اقدامات بھی اٹھائے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افغانستان اور ایران کے ساتھ طویل سرحدیں ہیں اور خطے کی مجموعی کشیدہ صورتحال کے اثرات سے ہمارا صوبہ بھی متاثر ہوا ہے۔ ایسے حالات میں کاروباری سرگرمیوں اور بزنس کمیونٹی کو درپیش مشکلات براہِ راست صوبے کی معیشت کو متاثر کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی متاثر ہوگی تو اس کے اثرات ہم سب پر مرتب ہونگے، اسلیے تاجر برادری کے مسائل کا حل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان اور پاکستان کی سطح پر ہر ذمہ دار فورم پر تاجر برادری کے مسائل اور مشکلات کیلئے آواز اٹھائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا خاندانی پس منظر بھی تجارت سے وابستہ رہا ہے اور کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی بنیاد رکھنے کے مراحل میں بھی میرا کردار رہا ہے، اسلیے تاجر برادری کے مسائل اور انکے مطالبات سے ذاتی طور پر واقف ہوں۔ گورنر بلوچستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت، انتظامیہ اور تاجر برادری کے درمیان موثر رابطہ برقرار رکھتے ہوئے بلوچستان میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، تجارتی راستوں کے تحفظ اور کاروباری طبقے کو درپیش مشکلات کے ازالے کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھی ہیں۔
بزنس کمیونٹی کی خدمت دراصل ملک و قوم کی خدمت ہے،گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل

ٹیگز:
گورنر بلوچستان
