لاہور(ڈیلی گرین گوادر) قائم مقام سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید نے کہا ہے کہ قرآنِ حکیم صرف تلاوت کے لیے نہیں بلکہ زندگی گزارنے کا مکمل دستور ہے، حقیقی کامیابی یہ ہے کہ ہم قرآن کو پڑھنے کے ساتھ اسے سمجھیں، اپنی زندگیوں میں نافذ کریں اور اس کی روشنی دوسروں تک پہنچائیں۔ فہمِ قرآن کا یہ سفر کسی کورس کے اختتام کا نام نہیں بلکہ قرآن سے عملی وابستگی کے ایک نئے سفر کا آغاز ہے۔
وہ زون 168، ضلع غربی حلقہ لاہور میں فہمِ قرآن کورس کی تکمیل پر منعقدہ پُروقار تقریبِ تقسیمِ اسناد سے خطاب کر رہی تھیں۔ تقریب میں ناظمہ حلقہ لاہور عظمیٰ عمران، ناظمہ زون اور دیگر ذمہ داران سمیت کورس مکمل کرنے والی خواتین نے شرکت کی۔ثمینہ سعید نے کہا کہ قرآن سے جڑنے والی خواتین صرف اپنی ذات کی اصلاح نہیں کرتیں بلکہ اپنے گھروں کی فضا، اپنی اولاد کی تربیت اور معاشرے کی سمت پر بھی اثر انداز ہوتی ہیں۔ آج ہماری سب سے بڑی ضرورت یہ ہے کہ قرآن ہماری الماریوں سے نکل کر ہمارے دلوں، کردار، گھروں اور معاشرتی زندگی کا حصہ بنے۔
انہوں نے کہا کہ فہمِ قرآن کا اصل مقصد معلومات حاصل کرنا نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کی ہدایت کو سمجھ کر اپنی زندگی کے فیصلوں میں اسے رہنما بنانا ہے۔ قرآن ہمیں عدل، امانت، صبر، تقویٰ، حیا، ذمہ داری اور حق کے لیے استقامت کا درس دیتا ہے۔ اگر ہم قرآن کو سمجھ کر اس پر عمل شروع کردیں تو ہماری ذات سے لے کر معاشرے تک مثبت تبدیلی کا آغاز ہوسکتا ہے۔
قائم مقام سیکرٹری جنرل نے کورس مکمل کرنے والی تمام خواتین کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ اسناد محض ایک کورس کی تکمیل کا ثبوت نہیں بلکہ اس عہد کی یاد دہانی ہیں کہ ہم قرآن کو سمجھیں گی، اپنی زندگیوں میں اتاریں گی اور اس کی روشنی اپنے گھروں اور معاشرے تک پہنچائیں گی ۔سنہوں نے کہا کہ ایک قرآن فہم عورت ایک گھر کو بدل سکتی ہے، اور بدلتے ہوئے گھر ایک معاشرے کی بنیاد بن سکتے ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی قرآن فہمی کے اس پیغام کو زیادہ سے زیادہ خواتین تک پہنچانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔تقریب کے اختتام پر ثمینہ سعید، عظمیٰ عمران اور دیگر ذمہ داران نے فہمِ قرآن کورس مکمل کرنے والی شرکاء میں اسناد تقسیم کیں اور ان کے لیے استقامت، عمل اور قرآن سے مضبوط تعلق کی دعا کی۔

