پی ڈی ایم کو دوبارہ ایک اہم شخصیت کو امریکہ پہنچانے کے لیے فراڈ مارچ ٹو کرنا چاہئے،حافظ حسین احمد

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سینئر رہنما اور ممتاز پارلیمنٹرین حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ اب پی ڈی ایم کو دوبارہ ایک اہم شخصیت کی جان بچانے اور ان کو فورا ً”امریکہ“ پہنچانے کے لیے جلد ہی فراڈ مارچ ٹوکرنا چاہیے۔ وہ منگل کو اپنی رہائشگاہ جامعہ مطلع العلوم میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں آزادی مارچ کو لندن کے”زر کثیر“ سے رینٹل مارچ میں تبدیل کر کے بظاہر ایک جان برلب شخصیت کو لندن پہنچا نے کے لیے سہولت کار بنایاگیا جبکہ پھر11 ماہ تک سب پر ہر طرح کی خاموشی طاری رہی۔ انہوں نے کہا کہ در اصل پی ڈی ایم عمران خان نیازی کی کٹھ پتلی حکومت کو گرانے کے لیے نہیں بلکہ عدالت سے سزا یافتہ شخصیت کو لندن فرار کروانے کے لیے بنائی گئی تھی اور اس کا ادراک پیپلزپارٹی اور اے این پی کو جلد ہوگیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اب امریکی ڈاکٹر کی رپورٹ سے یہ دلخراش انکشاف بھی ہوا کہ ”کرونا“ سے برطانیہ کے تمام ”ہارٹ اسپیشلسٹ“ اگلے جہاں پہنچ چکے ہیں اس لیے اب امریکی ڈاکٹر سے ”قطری“ خط نما رپورٹ کی ضرورت پڑی اور اس کو بھی آزمایاگیا ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر محترم جناب ایاز صادق فروری 2022ء میں اس ”جان بر لب“ شخصیت کو اپنے ساتھ پاکستان لانے کی خوشخبری سنا چکے ہیں جس کے تازہ (قطری) رپورٹ میں سفر کو اس شخصیت کے زندگی کے لیے خطرناک قرار دیا گیاہے حالانکہ ایاز صادق ماشااللہ خود بھی ”صادق“ اور”امین“ بھی ہیں بھلا وہ کیسے اتنی بڑی ”غلط بیانی“ کے مرتکب ہوسکتے ہیں جبکہ پہلے سے عمر بھر کی نااہلی کے خاتمہ کے حوالے سے عدالت عظمی کے دروازہ پر دستک بھی دی جاچکی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے