عوام کے مسائل کے حل تک چین سے نہیں بیٹھوں گا، میر ضیاءلانگو
کوئٹہ (گرین گوادر نیوز) صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگوسے پیر کے روز ان کے آفس میں صوبائی مشیر برائے لیبر اینڈ مین پاور محمد خان نے ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اورامن عامہ سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا- وزیر داخلہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں کھوکھلے نعروں پر یقین نہیں رکھتا صوبائی حکومت سب کو ساتھ لے کر چل رہی ہے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے ساتھ فیصلے کئے جاتے ہیں ہم ذاتی تشہیر کے بجائے عملی کام پر توجہ دے ر ہے ہیں۔دعوے کم اور کام زیادہ کئے ہیں اور 3 برس کے دوران بلوچستان کے عوام کی بے لوث خدمت کی ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ عوام کی بے لوث خدمت میرا مشن ہے اور اپنے مشن کی تکمیل کے لئے آخری حد تک جاؤں گا۔ تنقید برائے تنقید کرنے والے عناصر عوام کے مسائل کا حل نہیں چاہتے۔ سازشی عناصر کو جواب عوامی خدمت سے دیا ہے اور دیتے رہیں گے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ صوبے کے عوام کی خدمت کے ایجنڈے میں کسی کو رخنہ نہیں ڈالنے دیں گے۔ وزیراعلی کے ویژن کے مطابق عوامی خدمت کا سفر مزید تیز کریں گے اور عوام کے مسائل کے حل تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔