نواب زہری و جنرل قادر بلو چ کا عثمان خان کاکڑکے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار
کوئٹہ : چیف آف جھالاوان سا بق وزیر اعلیٰ بلو چستان نواب ثناء اللہ خان زہر ی، سابق وفا قی وزیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبد القادر بلو چ نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنماء سابق سینیٹر عثمان خان کاکڑکے انتقال پر گہرے دکھ اوررنج و غم کا اظہار کیا ہے انہوں نے عثمان خان کاکڑ کے پسماندگان، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی مرکزی قیادت، تمام کارکنوں اور عوام سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ عثمان خان کاکڑ بلوچستان کے سینئر اور مخلص سیاست دان تھے انہوں نے ہمیشہ بلوچستان کے حقوق کی بات کی ان کی بلوچستان کے لئے گراں قدر خدمات ہیں جو ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ان کی ناگہانی وفات پر آج پورا بلوچستان افسردہ اور غم سے نڈھال ہے اور ہر آنکھ اشکبار ہے انہوں نے کہا کہ عثمان خان کاکڑ بلوچستان کی سیاسی تاریخ کا روشن باب تھے ایسے مخلص اورعوام کے حقوق کے لئے آواز بلند کرنے والے لوگ صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں انہوں نے ہمیشہ بلوچستان کے عوام، ان کے حقوق اور مسائل کو ہر فورم پر اجاگر کیا اور ان کے حصول کے لئے جدوجہد کی عثمان خان کاکڑ کے اچانک انتقال سے بلوچستان ایک مخلص بلوچستانی اور بلوچستان کے حق کے لئے آواز بلند کرنے والے شخص سے محروم ہو گیا ہے ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا مدتوں پر نہیں ہو سکے گا انہوں نے بطور سینیٹر جس طرح بلوچستان کی نمائندگی کی اس پر ہر بلوچستانی ان کا مشکور ہے انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی ہے کہ عثمان خان کاکڑ کوجنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو یہ صدمہ صبر و ہمت سے برداشت کرنے کی توفیق دے۔