لورالائی:بلوچستان کے ضلع لورالائی میں افسوسناک حادثے کے دوران باراتیوں کی گاڑی الٹنے سے ایک خاتون جاں بحق جبکہ دو خواتین سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔حادثہ لورالائی کے علاقے بدین زئی میں پیش آیا جہاں باراتیوں کو لے جانے والی گاڑی تیز رفتاری اور موڑ کاٹتے وقت عدم توازن کا شکار ہو کر الٹ گئی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد قریبی ہسپتال منتقل کیا۔ زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جنہیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال لورالائی ریفر کر دیا گیا۔حادثے کا شکار افراد دکی کی جانب ایک بارات میں شریک تھے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق گاڑی میں گنجائش سے زائد افراد سوار تھے، جو حادثے کی ممکنہ وجہ ہوسکتی ہے۔عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ باراتوں اور دیگر تقریبات میں سفر کے دوران ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے تاکہ انسانی جانوں کے ضیاع سے بچا جا سکے۔
لورالائی،باراتیوں کی گاڑی الٹنے سے خاتون جاں بحق، تین افراد زخمی

