زیارت:زیارت میں دو قبائل کے درمیان جاری مسلح جھڑپوں کو روکنے کے لیے فرنٹیئر کور(ایف سی) نے فوری کارروائی کی اور علاقے میں سیکیورٹی کا انتظام سنبھال لیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق زیارت شہر میں فائرنگ کا سلسلہ فی الحال رک گیا ہے، تاہم قریبی پہاڑی علاقوں میں اب بھی مسلح افراد موجود ہیں جو وقفے وقفے سے فائرنگ کر رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق تنازع زمین یا پرانی دشمنی کی بنیاد پر شدت اختیار کر گیا تھا، جس کے بعد گزشتہ روز سے فائرنگ کا تبادلہ جاری تھا۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ایف سی اہلکار زیارت شہر اور گردونواح میں تعینات کیے گئے تاکہ امن و امان کی بحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔مقامی انتظامیہ اور قبائلی عمائدین کے درمیان مذاکرات بھی جاری ہیں تاکہ پہاڑوں میں موجود مسلح افراد کو ہتھیار ڈالنے پر آمادہ کیا جا سکے۔ فائرنگ کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم علاقے میں شدید خوف و ہراس پایا جا رہا ہے۔شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ قبائلی تنازعات کے مستقل حل کے لیے اقدامات کرے تاکہ ایسے پرتشدد واقعات سے محفوظ رہا جا سکے۔ انتظامیہ نے شہریوں کو غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کی ہدایت کی ہے اور صورتحال کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے۔
زیارت میں دو قبائل کے درمیان مسلح جھڑپ،سیکیورٹی فورسز نےعلاقے کا انتظام سنبھال لیا

