طلباء و طالبات مستقبل کے معمار ہیں،گورنر بلوچستان
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینیئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز کا 20 واں کانووکیشن جمعرات کو منعقد ہوا جس میں مہمان خصوصی گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل تھے جبکہ اس موقع پر وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان، وائس چانسلر بیوٹمز یونیورسٹی ڈاکٹر خالد حفیظ و دیگر بھی موجود تھے۔ کانووکیشن میں مہمان خصوصی گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل اور رانا مشہود احمد خان کی جانب سے فارغ التحصیل طلباء و طالبات میں ڈگریز اور پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو میڈلز سے نوازا گیا۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل اور وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے فارغ التحصیل طلباء و طالبات کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ طلباء و طالبات مستقبل کے معمار ہیں امید ہے کہ انہوں نے درسگاہ میں جو پڑھا اور سیکھا وہ آگے جا کر ملک و قوم کی ترقی کیلئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے، ہر شعبے کا ایک مقام ہے طلباء و طالبات نے جس شعبے میں ڈگری حاصل کی وہ اس شعبے کی بہتری کیلئے کام کرے، انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو ضائع کرنے کی بجائے انہیں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے اس وقت وزیر اعظم شہباز شریف پاکستان کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کا مرکز بنانے کیلئے پر عزم ہیں نوجوان نسل پاکستان کی ترقی کے ضامن ہے سکلز کی فراہمی کیلئے مختلف پروگرامز کا سلسلہ جاری ہے۔