ژوب(ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علماء اسلام ضلع ژوب کے زیر اہتمام منعقدہ حقوق بلوچستان و تحفظ دینی مدارس کانفرنس سے جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبد الواسع، صوبائی سیکرٹری جنرل سید آغا محمود شاہ، حافظ حسین احمد شرودی، حافظ محمد یوسف، مولانا کمال الدین، حاجی محمد نواز خان کاکڑ, اراکین صوبائی اسمبلی اپوزیشن لیڈر میر یونس عزیز زہری، اصغر خان ترین، سید آغا ظفر، میر زابد علی ریکی، جے ٹی آئی کے حکمت اللہ کاکڑ اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئین کی بالادستی، پارلیمان کی خودمختاری اور عوام کے حق حکمرانی کا پرچم بلند کرنے کی پاداش میں جمعیت علماء اسلام کو انتقامی کارروائیوں اور ریاستی جبر کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، مگر یہ حقیقت فراموش نہیں کرنی چاہیے کہ نظریات کو پابند سلاسل نہیں کیا جا سکتا اور حق کی آواز کو دبانے کی ہر کوشش بالآخر ناکامی سے دوچار ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے معدنی ذخائر اور قدرتی وسائل کسی کی جاگیر نہیں بلکہ اس صوبے کے عوام کی امانت ہیں، مائنز اینڈ منرل ایکٹ کے ذریعے بلوچستان کے وسائل پر قبضے کی راہ ہموار کرنا عوام کے اجتماعی حقوق پر ڈاکا ڈالنے کے مترادف ہے، ہم اپنے وسائل کی بندربانٹ، استحصالی پالیسیوں اور صوبے کے عوام کو ان کے حق سے محروم کرنے کے کسی منصوبے کو قبول نہیں کریں گے۔ رہنماؤں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ دینی مدارس اسلام کے نظریاتی قلعے، قرآن و سنت کی تعلیم کے سرچشمے اور ملت کی دینی شناخت کے امین ہیں، ان کی آزادی، خودمختاری اور تشخص پر کوئی قدغن قبول نہیں کی جائے گی، مدارس کے خلاف سازشیں کرنے والے سن لیں کہ جمعیت علماء اسلام اپنے اسلاف کی امانت اور دینی اداروں کے تحفظ سے کبھی دستبردار نہیں ہوگی۔ مقررین نے کہا کہ آج دلیل و برہان کے سامنے حکمرانوں کی بوکھلاہٹ، سیاسی حواس باختگی اور انتقامی ذہنیت بے نقاب ہو چکی ہے، جب دلیل کا جواب دلیل سے نہ دیا جا سکے تو دھونس، دباؤ اور طاقت کا سہارا لیا جاتا ہے، مگر تاریخ کا فیصلہ ہمیشہ جبر کے خلاف اور حق کے حق میں صادر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام محض ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ پاکستان کے اسلامی تشخص، نظریاتی اساس، آئینی بالادستی اور قومی وقار کی توانا آواز ہے، جس نے ہر دور میں آمریت، استعمار، استحصالی نظام اور غیر آئینی اقدامات کے سامنے کلمہ حق بلند کیا ہے۔ ہمارے اسلاف نے انگریز سامراج کے خلاف آزادی، حریت اور خودمختاری کی جو تاریخ اپنے خون سے رقم کی تھی، اس کی گونج آج بھی استعمار کے فکری جانشینوں کے ایوانوں میں سنائی دیتی ہے، انگریز کی غلامی قبول نہ کرنے والے اسلاف کے وارث آج بھی کسی جبر کے سامنے سرنگوں ہونے کو تیار نہیں۔ رہنماؤں نے کہا کہ پوری قوم قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کے ایک اشارے کی منتظر ہے، کارکنوں کے حوصلے بلند، صفیں منظم اور عزم غیر متزلزل ہے، جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے عوام کے وسائل، دینی مدارس کے تحفظ، آئین کی سربلندی اور جمہوری حقوق کی بازیابی کے لیے ہر آئینی و جمہوری محاذ پر بھرپور مزاحمت جاری رکھے گی۔ بلوچستان کے عوام کو مزید محرومیوں کے اندھیروں میں دھکیلنے اور ان کے وسائل پر قبضے کے خواب دیکھنے والے یاد رکھیں کہ اب عوام اپنے حقوق پر کسی مصلحت، مفاہمت یا خاموشی کو قبول نہیں کریں گے۔
بلوچستان کے معدنی وسائل صوبے کے عوام کی امانت ہیں، وسائل پر قبضہ قبول نہیں، مولانا عبدالواسع

ٹیگز:
مولانا عبدالواسع
