کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) صوبائی مشیر برائے ایری گیشن میر دانش جان لانگو نے اسپین کاریز ڈیم کی بحالی اور ہنہ فلڈ ایری گیشن اسکیم کے جاری کام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کام کی کوالٹی پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،محکمہ ایری گیشن ڈیموں پرجاری کام کی ازخود نگرانی کرے اورکوالٹی کو ہرصورت برقرار کھا جائے۔ یہ بات انہوں نے منگل کو اسپین کاریز ڈیم کی بحالی،اور ہنہ فلڈ ایری گیشن اسکیم کے دورے کے موقع پربات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر ایکسین ایری گیشن ندیم دہوار نے صوبائی مشیر میردانش جان لانگو کو منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ایکسین ندیم دہوار نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اسپین کاریز ڈیم 1945میں بنایا گیا تھا جس کی لمبائی 2500فٹ اور ہائیٹ 50فٹ ہے ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش اڑھائی سے 3000ہزارایکڑ فٹ ہے۔انہوں نے بتایاکہ سال2022ء میں شدیدبارشوں اورسیلاب سے ڈیم میں گنجائش سے زیادہ پانی آنے کی وجہ سے ڈیم کی باڈ ی کونقصان اوراسپیل وے مکمل طور پر تباہ ہوگیا تھا جس کے بعد این ڈی آر ایم ایف نے قدرتی آفات کے دوران نقصانات کو کم سے کرنے کیلئے ڈیم کی دوبارہ بحالی کیلئے 387ملین کی لاگت سے کام شروع کیا ہے پاک فوج، این ڈی آر ایم ایف اور محکمہ ایری گیشن کے تعاون سے ڈیم کی باڈی اور اسپیل وے کی بحالی پر کام تیزی سے جاری ہے۔انہوں نے ہنہ فلڈ ایری گیشن اسکیم کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہنہ کے پہاڑوں سے آنے والے پہاڑی ریلوں کے پانی کو ہنہ جھیل کی طرف موڑنے کیلئے منصوبے پربھی کام جاری ہے جس سے سیلاب کے دوران آنے والے سیلابی پانی کا ایک بڑا حصہ ضائع ہونے سے بچ سکے گا اور سیلاب سے عوامی نقصانات میں بھی کمی آئے گی۔صوبائی مشیر میردانش جان لانگو نے کہا کہ اسپین کاریز ڈیم سے محکمہ واسا کے ذریعے کوئٹہ شہر اور کینٹ کو پینے کاپانی فراہم کیاجارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈیموں اور ایری گیشن کے دیر منصوبوں پر جاری کام میں کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا محکمہ ایری گیشن کے انجینئر کاموں کی خود نگرانی کریں اور کام صحیح نہ کرنے والے ٹھیکیداروں کے خلاف کارروائی کریں اور کام پر ہر صورت معیار کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اسپین کاریز ڈیم کی باڈی،اسپیل وے اور ہنہ فلڈ ایری گیشں اسکیم پر جاری کام کی کوالٹی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ٹھیکیداروں کو کام مزید تیز کرنے اور کوالٹی کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اسپین کاریز ڈیم کی باڈی کی بحالی اور ہنہ فلڈ ایری گیشن اسکیم پر کام مکمل ہونے سے بارشوں اورسیلابی ریلوں سے جہاں نقصانات کو کم سے کم کیا جاسکے گا وہاں پانی کو ذخیرہ کرکے زیر زمین پانی کی سطح بھی بلند کی جاسکے گی۔
اسپین کاریز ڈیم سے محکمہ واسا کے ذریعے کوئٹہ شہر اور کینٹ کو پینے کاپانی فراہم کیاجارہا ہے، میر دانش جان لانگو

ٹیگز:
میر دانش جان لانگو
