کوئٹہ:پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم )کے مرکزی قائدین سرداراخترجان مینگل ،محمودخان اچکزئی اور مولاناعبدالغفور حیدری نے کہاہے کہ پا کستان ڈیمو کریٹک مو ومنٹ میں شامل جماعتیں مل کر سینیٹ الیکشن میں خلا ئی مخلو ق اور پیرا شوٹرز کا راستہ روکیں گی بلکہ سینیٹ الیکشن کے بعد سیلکٹڈ حکمرانوں کو چلتا کر نے کیلئے تحریک کومزید تیز تر کیا جا ئے گا ، اپوزیشن جما عتوں کے درمیان رشتے لین دین کے نہیں بلکہ سیاسی ونظریاتی ہیں 12سیٹوں میں سے 6بی این پی اور جمعیت جبکہ 6بیل اور گائے کو دی جائیں تو بسم اللہ اس با بت مو لا نا عبدالغفور حیدری سے با ت کی جا ئے وہ ہما رے لیڈر ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے کوئٹہ میں متحدہ اپوزیشن کے اجلاس اور سردار اختر جا ن مینگل کی جا نب سے دئیے جا نے والے ظہرا نے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی، پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر سینیٹرعثمان خان کاکڑ، قائد حزب اختلاف ملک سکندرایڈووکیٹ،اراکین اسمبلی ملک نصیراحمدشاہوانی ،اخترحسین لانگو،نصراللہ زیرے ،میر زابد ریکی ،میر یونس عزیز زہری ،حاجی نواز کاکڑ، میر حمل کلمتی ،شکیلہ نوید دہوار،ٹائٹس جانسن ،ملک عبدالولی کاکڑ،ساجد ترین ایڈووکیٹ،ڈاکٹرحامداچکزئی ،عبدالرحیم زیارتوال ،موسیٰ بلوچ ،غلام نبی مری ودیگر بھی موجود تھے ۔سردار اختر جان مینگل نے کہا کہ سینٹ انتخابات میں ہم اپنے اتحاد کو اہمیت دے رہے ہیںپی ڈی ایم بلوچستان کی سیاسی جماعتوں کے اتحاد کی وجہ سے بنی پی ڈی ایم کا سہرا کہیں نہ کہیں بلوچستان کے سر ہے بلوچستان کے سیاسی جماعتوں کی کوششوں سے پی ڈی ایم مضبوطی سے آگے بڑھ رہاہے انہوں نے کہاکہ سینیٹ الیکشن کا موقع ہے جس کے دوران خلائی مخلوق کے ساتھ ساتھ پیرا شوٹرز بھی میدان میں ہیںہمارے ساتھیوں نے ضمیر کے مطابق ووٹ دیا ہے ،انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم نے سینیٹ میں مشترکہ طورپر حصہ لینے کا فیصلہ کیاہے اس حوالے سے بات چیت کا سلسلہ جاری ہے امیدوار مشترکہ ہوں گے جس کے نتائج الیکشن کے بعد سامنے آئیںگے ۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ سرکاری جماعتوں کے بیٹھک ہوتے رہے ہیں آج سرداراخترجان مینگل کی جانب سے ظہرانے کااہتمام کیا گیا اور اپوزیشن اکھٹی ہوگئی ،انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم کسی شوق کیلئے نہیں بنایا گیابلکہ پاکستان کی تشکیل نو کیلئے یہ تحریک بنی ہے اس تحریک کا مقصد ملک میں پارلیمنٹ کو طاقت کا سرچشمہ ،آئین اورقانون پر اس کے روح کے مطابق عملدرآمد یقینی بناناہو جہاں کوئی کسی کا غلام و آقا نہیں ہوں ،انہوں نے کہاکہ یہاں میر غوث بخش بزنجو کو 14 سال جیل کی سزادی گئی صرف اس بنیاد پر کہ اس کی جیب سے جونوٹ ملااس پر لکھا تھا کہ ون یونٹ مردہ باد، میں نے مادری زبانوں کے عالمی دن کی مناسبت سے تقریب سے خطاب میں سرداراخترجان مینگل اور دیگر بلوچ بھائیوں سے پوچھے بغیر کہا تھاکہ اگر یہ گارنٹی دی جائے کہ بلوچ وطن کے وسائل پر بلوچ بچے کے اختیار کو تسلیم کیاجائے تو میں گارنٹی دیتاہوں کہ وہ آئیںگے ،پاکستان بہت نازک دور سے گزررہاہے مثبت اقدامات سے پاکستان گرے لسٹ سے بچ گیاہے لیکن ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ضروری ہے کہ ہم یہاں آباد ہر ملت کو اس کا حق دیں ،انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم کے مرکزی قیادت نے فیصلہ کیاکہ سینیٹ الیکشن مل کر لڑیںگے ،صحافیوں کے پوچھے گے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے محمودخان اچکزئی نے کہاکہ مولاناعبدالغفور حیدری ہمارے لیڈر ہے حکومت بلامقابلہ انتخاب سے متعلق ان سے رابطہ کرے ،انہوں نے کہاکہ بھائی دوسرے بھائی کے برابر ہوتاہے ،اگر ففٹی ففٹی پر بات بن جائیں تو بسم اللہ 12سیٹوں میں سے 6بی این پی اور جمعیت کودئیے جائیں اور 6بیل اور گائے کو دی جائیں ہم راضی ہے ،مولانافضل الرحمن سے درخواست ہے کہ 26مارچ کو لانگ مارچ کے بعد اضلاع میں رہ جانے والے تمام عہدیداروں کو ہدایت کی جائیں کہ وہ ڈپٹی کمشنرز آفس کے سامنے لاپتہ افراد ،مہنگائی ودیگر کے خلاف دھرنا دیں ۔ مولانا عبد الغفور حیدری نے کہا کہ پی ڈی ایم کے مرکزی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں مشترکہ طور پر حصہ لیں گے پی ڈی ایم اسلام آباد میں کامیابی حاصل کرلیں گی پی ڈی ایم تحریک عوامی ہے تاہم سینیٹ الیکشن کے باعث وقفہ آیا ہے لیکن سینیٹ الیکشن کے بعد اس نااہل و سلیکٹڈ حکومت کے خلاف تحریک کو دوام بخشیں گے حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے ہر طبقہ سراپا احتجاج ہے حکمران شو پیس کے طور پر کام کررہے ہیں جو اس حکومت کے خلاف نہیں اٹھے گا وہ ملک و قوم کا دشمن اور عوام کا خیر خواہ نہیں ہے ۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہاکہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے صبح فون کیاکہ وہ آرہے ہیں ملاقات میں انہوں نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ پنجاب کی طرز پربلوچستان میں بلامقابلہ انتخاب عمل میں لائی جائیں تو ہم نے کہاکہ یہ خواہش تو اچھی ہے ہم نے اپنی بات ان کے سامنے رکھی ۔سرداراخترجان مینگل نے کہاکہ ہم یقین سے کہہ سکتے ہیں کہ پی ڈی ایم کے 6نشستوں کیلئے کوئی بھی امیدوار باہر سے نہیں ہوگا نہ ہی کوئی یہاں خریدار اور بکائو ہے ،ہمارے امیدوار مشترکہ ہوںگے ،انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کے درمیان رشتے لین دین کا نہیں بلکہ سیاسی ونظریاتی رشتے ہیں ،انہوں نے چیئرمین سینیٹ کی آئین کی خلاف ورزی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہاکہ آئین کا حال ہماری طرح ہے ،سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کرنے والے بھی شادیانے بجا رہے ہیںہار کی جشن منانے والے یہ عجیب لوگ ہیں۔
12سیٹوں میں سے 6بی این پی و جمعیت جبکہ 6بیل اور گائے کو دی جائیں،پی ڈی ایم بلوچستان

ٹیگز:
پی ڈی ایم بلوچستان
