حب (ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ء اور ضلع حب کے صدر میر علی حسن زہری نے کہا ہے کہ نگراں حکومت کے جو فرائض ہیں وہ ان پر عمل کرنے کی پابند ہے۔ انتخابات کا انعقاد آئین کے تحت 90 روز میں کرایا جائے۔ کوئی نگران سیٹ اپ 90 دن سے زائد عرصے تک قائم نہیں رہ سکتا۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ انتخابات سے متعلق آئین پر مکمل عملدرآمد کیا جائے تاکہ جمہوریت کا تسلسل برقرار رہ سکے۔ آئے روز کی مہنگائی سے عام عوام خودکشیوں پر مجبور ہو گئے ہیں۔ آئے روز کوئی نہ کوئی غریب و لاچار حالات سے تنگ آ کر خودکشی کرنے پر مجبور ہے۔حکومت کا فرض ہے کہ پاکستان میں ہوشربا مہنگائی پر قابو پانے کے لئے موثر اقدامات کرے۔ تیل اور گیس کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ ناقابل قبول ہے تیل اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے۔ میر علی حسن زہری نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کا فرض ہے کہ 90 روز کے اندر عام انتخابات کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے اور اس سلسلے میں جو بھی رکاوٹیں ہیں انہیں دور کرنے کے لئے اداروں سے ہر ممکنہ مدد طلب کرے۔انہوں نے کہا کہ اگر الیکشن کمیشن 90 روز کے اندر انتخابات کرانے میں ناکام رہتا ہے تو یہ جمہوریت پر شب خون کے مترادف ہو گا اور آئین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی ضروری ہے۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ حب شہر بلوچستان کا دروازہ ہونے کے باوجود وہ مقام حاصل نہ کر سکا جیسا کہ اسے ملنا چاہئے تھا۔ گزشتہ کئی دہائیوں سے مختلف لوگ حب و لسبیلہ کی نمائندگی صوبائی اور قومی اسمبلیوں میں کرتے آئے ہیں لیکن ان علاقوں کی حالت زار میں کوئی فرق نہیں آیا بلکہ ان مفاد پرست عناصر نے حب شہر کو کھنڈر میں تبدیل کر کے رکھ دیا ہے۔ اس کی وجہ یقینی طور پر یہ ہے کہ یہاں کے نام نہاد نمائندوں نے ضلع حب و لسبیلہ کا نمائندہ ہونے کا حق ادا نہیں کیا۔ انہوں نے منتخب ہونے کے بعد علاقے کی ترقی و خوشحالی کے برعکس اپنی خوشحالی و ترقی پر زور دیا اور بھول گئے کہ عوام نے انہیں علاقے اور یہاں کے عوام کے مسائل کے حل اور خوشحالی و ترقی کے لئے منتخب کیا تھا۔ ان نام نہاد نمائندوں نے عوامی مفادات پر اپنے ذاتی مفادات کو ترجیح دی۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام دوست اور جمہوری پارٹی ہے اور پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کی بات کی ہے۔ حب و لسبیلہ کے عوام پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں اور آئندہ انتخابات کے لئے جیالے بھرپور تیاری میں ہیں۔ انشاء اللہ تعالیٰ عوام کے ووٹوں اور پارٹی کے سینئر رہنماؤں اور جیالوں کی جدوجہد سے پاکستان پیپلز پارٹی انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی اور ملک بھر میں حکومت سازی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان بھر میں بالخصوص ضلع حب میں پاکستان پیپلز پارٹی مضبوط ترین پارٹی بن گئی ہے اور ضلع حب سے پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔
انتخابات کا انعقاد آئین کے تحت 90 روز میں کرایا جائے، میر علی حسن زہری

ٹیگز:
میر علی حسن زہری
