کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان میں بلیو اکانومی کی ترقی پورے خطے کے معاشی جمود کا خاتمہ کر سکتی ہے. طویل کوسٹل بیلٹ میں موجود سمندری وسائل بروئے کار لانے اور ان سے وابستہ معاشی سرگرمیوں کا فروغ ایک نئے معاشی انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوگا. اس ضمن میں ضروری ہے کہ یونیورسٹی آف گوادر سمیت مکران بیلٹ کی تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیز خصوصی طور پر بلیو اکانومی ریونیو جنریشن کو اپنے اسٹریٹیجک پلان کا لازمی حصہ بنا لے. گورنر بلوچستان نے یوبیورسٹی آف گوادر کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر اور ان کی پوری ٹیم کی انتھک کاوشوں کو خراج تحسین کے مستحق قرار دیا. ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف گوادر کے پہلے سینٹ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر بلوچستان ہائی کورٹ کے جج جسٹس ہاشم خان کاکڑ، وائس چانسلر یونیورسٹی آف گوادر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر، صوبائی سیکرٹری دوستین جمالدینی،وائس چانسلر لسبیلہ یوبیورسٹی ڈاکٹر دوست محمد بلوچ، پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان ہاشم خان غلزئی، پرو وائس چانسلر میر چاکر خان رند یونیورسٹی سبی ڈاکٹر مشتاق شاہ، ایڈیشنل سیکرٹری فنانس ممتاز لانگو، ایڈیشنل سیکرٹری شکیل، ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ظہور احمد بازئی سمیت گوادر یونیورسٹی کے تمام سینٹ کے ممبرز موجود تھے. گوادر یونیورسٹی کے سینٹ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ یونیورسٹی کا مقصد ریسرچ پر مبنی جدید تعلیم کا فروغ ہے اور اپنی نئی نسل کو جدید سائنٹفک علم وشعور سے آراستہ کر کے ہی ایک خودکفیل اور ترقی یافتہ بلوچستان کے ہدف کا حصول ممکن بنایا جا سکتا ہے. یونیورسٹی کے امور و معاملات کو بہتر طریقے سے چلاتے کیلئے بروقت دانشمندانہ فیصلے کرنے ضروری ہے اور اچھے فیصلوں کے ہی اچھے نتائج برآمد ہوں گے. انہوں نے کہا کہ آپ خود اپنے معروضی حالات کا درست جائزہ لیکر نئے مسقبل کی تعمیر کر سکتے ہیں. گورنر بلوچستان نے ان وائس چانسلر پر زور دیا کہ سنڈیکیٹ کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور اس میں بہتر تبدیلی لانے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ سنڈیکیٹ کے فیصلے سینٹ میں آجاتے ہیں. سینٹ شرکاء کی سفارشات اور تجاویز کی روشنی میں کئی اہم فیصلے کیے گئے.
بلوچستان میں بلیو اکانومی کی ترقی پورے خطے کے معاشی جمود کا خاتمہ کر سکتی ہے، گورنر ملک عبدالولی کاکڑ

ٹیگز:
گورنر ملک عبدالولی کاکڑ
