حب(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و ضلع حب کے صدرمیر علی حسن زہری نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان ایک مسلم حقیقت ہے اور پاک افواج ملک کی اہم اکائی ہے۔ہماری بہادر افواج نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور جذبہ حب الوطنی سے ملک کو ناقابل تسخیر بنا دیاہے۔آج 6 ستمبر کا دن ہمیں ان فوج کے ان بہادر سپوتوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اپنے خون سے وطن کو سینچا ہے اورجن کی لازوال قربانیوں کی بدولت ہم سب آج آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں۔میر علی حسن زہری نے 1965 ء کی جنگ کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بزدل بھارت کے ناپاک عزائم خاک میں ملا کر ہمارے بہادر سپوتوں نے ثابت کیا کہ جذبہ ایمانی اور حب الوطنی اُن میں کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا ہے اور جس ملک کی حفاظت پاک فوج کر رہی ہو اسے کوئی میلی آنکھ سے بھی نہیں دیکھ سکتا۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جدوجہد پاکستان کے غریب عوام کی فلاح و بہبود اور پاکستان کو مضبوط بنانے کے لئے ہے اور یہ جدوجہد مسلسل جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ایٹمی پروگرام جبکہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے میزائل ٹیکنالوجی سے ملک کے دفاع کومضبوط تر بنایا جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری آنے والی نسلیں ہماری بہادر افواج کے کارنامے سن کر رشک کریں گی جس طرح ہم سب کرتے ہیں۔ میر علی حسن زہری نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ قربانیوں سے رقم ہے قیام پاکستان سے آج تک ہماری جری اور بہادر افواج نے ملک و قوم کے تحفظ کے لئے لازوال قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں 6 ستمبر کا دن انتہائی اہمیت رکھتا ہے یہ وہ دن ہے جس دن ہماری جری اور بہادر افواج نے اپنے سے کئی گنا طاقتور دشمن کا منہ توڑ جواب دے کر بھارتی افواج کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایااوربھارتی پیش قدمی کا بھرپور جواب دیتے ہوئے پاکستانی سرحدوں کی بخوبی حفاظت کی اور بزدل بھارتی دراندازوں کو اسلحہ و سازو سامان چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور کیا 1965 ء کی جنگ نہ صرف ہماری بہادر افواج کے لئے ایک عظیم اور تاریخی جنگ ہے بلکہ اس جنگ کے دوران قوم کا حب الوطنی کا جذبہ دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے اس جنگ میں ساری قوم ایک سیسہ پلائی دیوار کی مانند بن گئی تھی جسے شکست دینا ناممکن تھا۔انہوں نے کہا کہ ہماری آرمی،نیوی، فضائیہ اور پوری قوم نے مل کر ہر محاذ پر بھارت کو منہ توڑ جواب دیا اوربزدل بھارتیوں کا غرور خاک میں ملاتے ہوئے اپنے وطن کی ایک انچ زمین بھی دشمن کو نہیں لینے دی جس کے لئے ساری قوم پاک افواج کو سلام اور خراج تحسین پیش کرتی ہے عددی تعداد میں کم ہونے او رجنگی ساز و سامان کی قلت کے باوجود جذبہ ایمانی، جوان مردی، جراٗت اور بہادری کا عظیم الشان مظاہرہ کرتے ہوئے ہماری جری افواج نے اپنی جانوں کے نذرانے دے کر پاک وطن کی حفاظت کی اور دشمن کے قدم اکھاڑ دیئے اور مادر وطن کے دفاع کے لئے ناقابل تسخیربن گئے۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ آج ہمیں ایک ہو کر ملک پاکستان کی حفاظت کرنی ہے اور اس مقصد کے لئے پاک افواج کے شانہ بشانہ دشمنوں کی چالوں کو ناکام بناتے ہوئے دشمنوں کے عزائم خاک میں ملانے ہیں۔
بہادر افواج نے ملک و قوم کے تحفظ کے لئے لازوال قربانیاں دی ہیں، میر علی حسن زہری

ٹیگز:
میر علی حسن زہری
