کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں صوبائی حکومت کی جانب سے ”بلوچستان ریجنل لنگویجز، اکیڈمیز اینڈ لٹریری سوسائٹیز 2025 بل“ کی منظوری کو پشتو،بلوچی، براہوئی اور ہزارگی زبانوں کے اکیڈمیوں کی خودمختاری ختم کرنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے اسے کھلی طور پر مسترد کردیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک علمی، ادبی، تحقیقی ادارے کو ادبیوں، دانشوروں، لکھاریوں کے ذریعے چلانے کی بجائے ادب،علم وتحقیق سے نااشنا انتظامیہ کے ذریعے چلانے سے اکیڈمیوں کی اہمیت، صلاحیت ختم ہوجاتی ہیں۔ زبانوں اور ادب کی ترقی اکیڈمیوں جیسے علمی تحقیقی اداروں کی خودمختاری اور آزادانہ فضا میں سرگرمیوں کے ذریعے ممکن ہیں۔ اکیڈمیوں کو چلانا ایک انتظامی مسئلہ نہیں بلکہ مکمل طور پر ایک علمی وفکری موضوع ہے اور اس بابت صرف ادیب، شاعر، دانشور، محقق ہی صحیح فیصلے کرسکتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ زبانوں کے اکیڈمیز کو صوبے کی نمائندہ قومی سیاسی قوتوں، ادبیوں، شاعروں، پروفیسرز نے اپنی ذاتی کاوشوں کرایہ پر حاصل کیئے گئے بلڈنگز اور عوامی چندوں کے ذریعے ان کو نہایت مشکل حالات میں پروان چڑھایا لیکن اب صرف گورنمنٹ گرانٹ کی بنیاد پر ان خودمختار اداروں کو انتظامی طور پر قبضہ کرنے کی منطق کا کوئی قانونی اور اخلاقی جواز موجود نہیں ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی نے مادری زبانوں کے اکیڈمیوں کے قیام بالخصوص پشتو اکیڈمی کی بنیاد خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی نے رکھی تھی تاکہ پشتو زبان کی ترقی وترویج کے لیے مواقع تلاش کیئے جاسکیں۔ پشتونخوامیپ پشتو اکیڈمی سمیت دیگر زبانوں کی اکیڈمیوں کو انتظامی طور پر چلانے کی کسی کو اجازت نہیں دے گی اور اکیڈمیوں کے خلاف موجودہ صورتحال اور حکومتی اقدامات اکیڈمیوں کی خودمختاری پر واضح حملہ تصور کرتی ہے۔ پشتونخوامیپ مادری زبانوں کے اکیڈمیوں کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر ممکن سیاسی جمہوری اقدامات اٹھائے گی۔
بلوچستان ریجنل لینگویجز اکیڈمیز اینڈ لیٹریری سوسائٹیز 2025ء بل کو مستر کرتے ہیں ٗ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی

ٹیگز:
پشتونخوا ملی عوامی پارٹی
