کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو نے کہا ہے کہ بلو چستان وہ صوبہ ہے جو آدھا پاکستان ہونے کے باوجود پسماندہ ہے،ہر صوبہ اپنا حق مانگتا ہے ہم بھی مانگ رہے ہیں،اگر ترقیاتی فنڈز میں 300 ارب روپے تک اضافہ کیا جائے تو صوبے اور عوام کی بہتری کے لئے اچھا کام ہوگا،ریکو ڈک معاہدہ بلدیاتی اداروں کے پر امن انتخابات شفاف مردم شماری اور بے شمار دیگر کامیابیاں ہمارے کریڈٹ پر ہیں ہم سب کو ساتھ لے کر چلنے پر یقین رکھتے ہیں یہ ہی وجہ ہے کہ پورے بجٹ سیشن میں کوئی مخالفت نظر نہیں آئی،آنے والے والا وقت ہی بتائے گا کہ کون اقتدار میں ہو گا اور کون اپوزیشن میں بیٹھے گا۔یہ بات انہوں نے بدھ کو اپنے جا ری کر دہ ایک بیان میں کہی۔ وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو نے کہا کہ بلوچستان آدھا پاکستان ہے ہمیں این ایف سی ایوارڈ کے تحت اتنے فنڈز نہیں ملتے کہ ہم لوگوں کے مسائل حل کر سکیں محدود فنڈز کے حامل بلوچستان کو دوسرے صوبوں کے برابر لانا ممکن نہیں۔انہوں نے کہاکہ جب بھی وفاق میں نئی حکومت آتی ہے بلوچستان کی پسماندگی کی بات کی جاتی ہے بدقسمتی سے پسماندگی کے خاتمے کے لئے عملی اقدامات نہیں کئے جاتے اختیار و اقتدار رکھنے والوں کو سنجیدگی سے سوچنا ہو گا کہ باقی صوبے آگے گئے تو بلوچستان کیوں پیچھے رہ گیا۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان کی غربت اور پسماندگی کی بنیادی وجہ فنڈز کی عدم دستیابی اور عدم توجیحی ہے یہ وہ صوبہ ہے جو آدھا پاکستان ہونے کے باوجود پسماندہ بھی ہے این ایف سی ایوارڈ میں جو شیئر ہمیں ملتا ہے وہ نہ ہونے کے برابر ہے۔ انہوں نے کہاکہ آدھے پاکستان کو سکیورٹی دینا ایک بہت بڑا چیلنج ہے جس پر ہمارے وسائل کے 40 فیصد فنڈز خرچ ہو جاتے ہیں اگر ہم یہ سیکورٹی برقرار نہ رکھیں تو اسکا اثر دیگر صوبوں پر بھی پڑے گا۔وزیراعلیٰ میر عبد القدوس بزنجو نے کہا کہ یہ وہ حقائق ہیں جن سے چشم پوشی نہیں کی جاسکتی اور انہیں سنجیدگی سے دیکھنے اور حل کرنے کی ضرورت ہے جن لوگوں کو عوام نے منتخب کیا ہے ہمیں ان کا حق نہیں مارنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی مخالفت اپنی جگہ لیکن منتخب نمائندے کو انکے علاقے کی ترقی کا حق ملنا چاہیے ہم سب کو ساتھ لے کر چلنے پر یقین رکھتے ہیں یہ ہی وجہ ہے کہ پورے بجٹ سیشن میں کوئی مخالفت نظر نہیں آئی۔ انہوں نے کہاکہ میرا طریقہ کار اور لوگوں سے ملنا جلنا ایک الگ انداز کا ہے میں اپنے دوستوں کے ساتھ ہر وقت کھڑا ہوتا ہوں ہم اپنی حدود میں رہتے ہوئے آئین اور قانون کے مطابق اپنا حق مانگ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں غلط نظر سے نہ دیکھا جائے ہر صوبہ اپنا حق مانگتا ہے ہم بھی مانگ رہے ہیں ہمارے دو ٹوک اور ٹھوس موقف سے بہت سی چیزیں بہتر ہوئی ہیں جنہیں ہم تسلیم بھی کرتے ہیں۔میر عبد القدس بزنجو نے کہا کہ 2015 سے پی پی ایل کے تعطل کا شکار معاملات میں پیش رفت کی توقع ہے صوبے احتجاج کرتے رہتے ہیں یہ ایک معمول کی بات ہے ترقیاتی مد میں ہمیں 120 ارب روپے دستیاب ہو تے ہیں اگر ترقیاتی فنڈز میں 300 ارب روپے تک اضافہ کیا جائے تو صوبے اور عوام کی بہتری کے لئے اچھا کام ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ریکوڈک کے معاہدے پر تمام پارٹیوں کو آن بورڈ لیا اور حل بھی مل کر تلاش کیاہم نے یہ سوچا کہ اس مسئلے کو سب کے سامنے رکھا جائے ریکو ڈک معاہدے کو سامنے لانے کا مقصد یہ تھا کہ لوگوں کو یہ احساس نہ ہو کہ ہم کوئی چوری کر رہے ہیں ہم جو بھی مانگتے ہیں مالک کائنات سے مانگتے ہیں کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے سیلاب زدگان کی امداد اور بحالی کے لئے 10 ارب روپے کا جو وعدہ کیا تھا وہ بھی ہمیں نہیں ملے ہمارے اپنے پاس بھی وسائل کم تھے لیکن ڈونر ایجنسیوں نے اس موقع پر ہمارا خوب ساتھ دیاقدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے اپنی بساط کے مطابق اقدامات کرنے کے ساتھ ساتھ مالک کائنات سے بھی رجوع کرتے ہیں ہم سب کو ساتھ لے کر چلنے کے عزم کے ساتھ آگے بڑھتے ہیں۔وزیراعلیٰ میر عبد القدوس بزنجو نے کہا کہ آج مالک کائنات نے اگر اقتدار پر بٹھایا ہے تو میں سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہتا ہوں آواران اور دیگراضلاع کا بجٹ برابر ہے میری سوچ ہے کہ سیاسی مخالفین کے حلقوں کو بھی اتنے ہی فنڈز ملیں جتنے کہ آواران کو ملیں ہم نے باپ پارٹی اس لئے بنائی کہ بلوچستان کے فیصلے بلوچستان میں ہوں۔انہوں نے کہاکہ میں زرداری صاحب کے سیاسی تدبر اور ان کی قائدانہ صلاحیتوں کا نہ صرف قائل ہوں بلکہ اسے تسلیم بھی کرتا ہوں میں مانتا ہوں کہ میرا رادہ تھا کہ میں پاکستان پیپلز پارٹی جوائن کروں میرے چند دوستوں نے مشورہ دیا کہ میں اپنے صوبے کی خدمت باپ پارٹی میں رہتے ہوئے بھی کر سکتا ہوں۔انہوں نے کہاکہ اس وقت میں نے پارٹی کی صدارت بھی سنبھالی اور ہم نے فیصلہ کیا کہ ہم باپ پارٹی کے پلیٹ فارم سے ہی بلوچستان کی حقوق کی بات کریں گے۔عوام نے کوئی احتجاج یا کسی ایم پی اے کو ناراض نہیں دیکھا ہوگا یہ سب اس مالک کی مہربانی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ کا کام ہے کہ بڑے فیصلے لے نہ کہ فوٹو سیشن کرے بارڈر پر ایرانی ڈیزل اور پٹرول کے کاروبار پر نرمی برتی جا رہی ہے ہمارا کام لوگوں کے زریعہ معاش کو تحفظ دینا ہے تاکہ انکے گھروں کے چولہے جلتے رہیں یہ قدم اس لئے اٹھایا گیا کہ جب تک ہم اپنے عوام کو متبادل ذرائع معاش فراہم نہیں کرتے تب تک ہمیں ان سے یہ روزگار نہیں چھیننا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے صوبے میں سرکاری نوکریاں کم ہیں اور صنعتیں بھی نہیں ہیں اگر لوگ بے روزگار ہوں گے تو بے راہ روی کا شکار ہو جائیں گے اور غلط راستے پر جا کر دشمن کے آلہ کار بنیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ریکو ڈک معاہدہ بلدیاتی اداروں کے پر امن انتخابات شفاف مردم شماری اور بے شمار دیگر کامیابیاں ہمارے کریڈٹ پر ہیں لوگ مجھ پر تنقید تو کرتے ہیں لیکن کچھ اعلیٰ ظرفی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہماری کامیابیوں کا زکر بھی کرنا چاہئے اختلاف رائے ایک صحت مندانہ رجحان ہے لیکن تنقید صرف برائے تنقید نہ ہو بلکہ اس میں اصلاح کا پہلو بھی ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ انتخابات کے تحت بننے والی حکومت کے حوالے سے ابھی سے کچھ نہیں کہا جا سکتا ہے یہ تو آنے والے والا وقت ہی بتائے گا کہ کون اقتدار میں ہو گا اور کون اپوزیشن میں بیٹھے گا۔
بلو چستان وہ صوبہ ہے جو آدھا پاکستان ہونے کے باوجود پسماندہ ہے، وزیر اعلیٰ بلو چستان

ٹیگز:
وزیر اعلیٰ بلو چستان
