کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے سنگاپور میں مکس مارشل آرٹس چیمپئن شپ مقابلے میں بھارتی حریف کو شکست دینے والے کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے مکس مارشل آرٹس کھلاڑی احمد مجتبیٰ نے یہاں وزیراعلی ہاؤس میں ملاقات کی۔ صوبائی وزراء میر عارف جان محمد حسنی، میر ضیاء اللہ لانگو، حاجی نور محمد دمڑ، وزیراعلی کے پرنسپل سیکرٹری زاہد سلیم، سیکرٹری کھیل عمران گچکی ودیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلی بلوچستان جام کمال نے نوجوان کھلاڑی کی انتھک محنت اور خاص طور پر یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر شاندار کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ احمد مجتبیٰ جیسے باصلاحیت نوجوان نہ صرف بلوچستان بلکہ ملک کی اصل اور حقیقی شناخت ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ملک کا نام روشن کرنے پر احمد مجتبیٰ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نوجوانوں میں مثبت سرگرمیاں اجاگر کرنے کے لیے کھیل کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ مکس مارشل آرٹس کے فروغ کے لیے اکیڈمی کے قیام کے ساتھ ساتھ اس کھیل میں صوبہ کے ٹیلنٹ کو آگے کے لیے کیمپس لگانے کا اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے بہترین انعقاد کے لیے صوبائی حکومت بھرپور اسپورٹس سے وابستہ نوجوانوں سے تعاون کا سلسلہ جاری رکھے گی اور ہر سطح پر معاونت فراہم کی جائے گی۔ صوبہ بھر میں اس کھیل کے فروغ کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ احمد مجتبیٰ کی فتح بلوچستان کے لیے باعث فخر ہے۔ اس موقع پر قومی ہیرو نے کوئٹہ پہنچنے پر شاندار استقبال پر وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ نے احمد مجتبیٰ کو لکڑی سے بنی ہوئی کشتی کا ماڈل بطور تحفہ دیا۔ واضح رہے کہ کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے مکس مارشل آرٹس پلئیر احمد مجتبیٰ نے ون چیمپئن شپ سنگاپور میں بھارتی حریف راہول راجو کو پہلے منٹ میں ہی ناک آوٗٹ کر کے فتح حاصل کی تھی۔ لائٹ ویٹ کیٹیگری کے کھلاڑی احمد مجتبیٰ کامیابی حاصل کرنے کے بعد جب کوئٹہ ائیرپورٹ پہنچے تو صوبائی حکومت اور شہریوں نے قومی ہیروکا پرتپاک استقبال کیا۔
احمد مجتبیٰ کی فتح بلوچستان کیلئے باعث فخر ہے،جام کمال خان

ٹیگز:
جام کمال خان
