کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان کا نوجوان باشعور ہو چکا ہے اور آج کا پڑھا لکھا نوجوان ہی ہمارے آنے والے کل کی بنیاد اور مستقبل کا معمار ہے۔ کل انہی نوجوانوں نے ملک و قوم کی باگ ڈور سنبھالنی ہے۔ان خیالات کا اظہارمرکزی نائب صدر بلوچستان عوامی پارٹی و سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے ایک وفد سے ملاقات میں کیا۔ انہوں نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اندرونی و بیرونی، معاشی اور انسانی سیکیورٹی پر مبنی جامع پالیسی پر کاربند ہے۔ جغرافیائی سرحدوں کی محافظ افواج پاکستان ہیں جبکہ نظریاتی سرحدوں کی حفاظت قوم کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ اس ذمہ داری میں اگر دیکھا جائے تو نوجوانوں پر سب سے زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔کسی بھی قوم میں نوجوان طبقہ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور مستقبل کے لئے نوجوانوں کی صحیح سمت رہنمائی ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان کسی صورت کسی سے کم نہیں بلکہ اگر دیکھا جائے تو بلوچستان کے نوجوان شعوری طور پر بہت آگے ہیں بات صرف مواقع ملنے کی ہے۔ بلوچستان کے نوجوان ہمارے آنے والے مستقبل کے معمار ہیں۔انہوں نے کہا کہ بندوق کی بجائے قلم وقت کی اہم ضرورت ہے کوئی بھی قوم تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی۔انہوں نے کہا کہ آج کا نوجوا ن باشعور ہو چکا ہے اوراسے ورغلایا نہیں جا سکتا۔ اسے اپنے اچھے برے کی پہچان ہو چکی ہے۔ قوموں کی ترقی اور مستقبل کا دارومدار نوجوانوں پر ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کے مقابلے کے دور میں جو قوم اپنے نوجوانوں پر توجہ دے گی اور انہیں صحیح سمت رہنمائی کرے گی وہی قوم دنیا پر راج کرے گی۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ ہمارے چند ناراض اور بھٹکے ہوئے نوجوان دوسروں کے بہکاوے میں آ کر غلط راہ پر چل رہے ہیں جو کہ سراسر دھوکہ اور سراب ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ان نوجوانوں کو صحیح سمت دکھائی جائے اور وطن سے محبت اور اس کے لئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانا ہی صحیح سمت ہے۔ہم امید کرتے ہیں کہ بھٹکے ہوئے نوجوان اپنی سوچ کو بدلیں گے اور دشمنوں کی چالوں میں مزید نہیں آئیں گے اور ملکی دھارے میں شامل ہو کر وطن کے لئے خدمات سرانجام دیں گے اور اس مقصد کے لئے پوری قوم ان کے ساتھ ہے۔اس موقع پر وفد نے نوجوانوں کے حوالے سے سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سینیٹر صاحبہ نے بلوچستان کے نوجوانوں کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھائی ہے اور دنیا بھر میں بلوچستان کے نوجوانوں کی مثبت تصویر اجاگرکی ہے۔ وفد نے سینیٹر ثمینہ زہری کو یقین دلایا کہ بلوچستان کے نوجوان قوم کو مایوس نہیں کریں گے اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اور ملکی دھارے میں اہم کردار ادا کرنے کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں وقف کر دیں گے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ ہمیں چاہئے کہ نوجوان نسل کو تعلیم کی طرف راغب کیا جائے اور بلوچستان کے عوام کو پسماندگی سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے اس کے لئے بلوچستان میں نوجوانوں کے لئے اعلیٰ و فنی تعلیم کے مواقع پیدا کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان باشعور ہو چکے ہیں اورتعلیم سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی میں اپنا لوہا منوار ہے ہیں اب انہیں اپنے اچھے برے کی تمیز آ چکی ہے آج کا پڑھا لکھا نوجوان ہی ہمارے آنے والے کل کی بنیاد اور مستقبل کا معمار ہے اور کل انہی نوجوانوں نے ملک و قوم کی باگ ڈور سنبھالنی ہے۔ہمیں قوی امید ہے کہ انشاء اللہ تعالیٰ بلوچستان کے نوجوان اپنی علمی و فنی صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے معاشرے کی ترقی اورروشن مستقبل کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے اور ہرشعبے میں علمی و فنی تعلیم حاصل کر کے دنیا کے لئے اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے آئندہ آنے والی نسلوں کے لئے ایک نئی راہ متعین کریں گے۔
بلوچستان کے نوجوان شعوری طور پر بہت آگے ہیں، سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری

ٹیگز:
سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری
