اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر 3 جون کو انقرہ میں ان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے۔سرکاری خبر رساں ایجنسی ’اے پی پی‘ کے مطاق دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے دورے سے پاکستان اور ترکیہ کے مابین قریبی برادرانہ تعلقات کا اعادہ ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف 28 مئی کو ترکیہ کے انتخابات میں صدر منتخب ہونے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے صدر رجب طیب اردوان کو مبارکباد دیں گے۔وزیراعظم پاکستان اور ترکیہ کے درمیان متنوع اور کثیرالجہتی تزویراتی شراکت داری کو مزید بڑھانے کے لیے ترک صدر کو اسلام آباد میں اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل کے اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی دیں گے۔
بیان کے مطابق پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات مشترکہ عقیدے، ثقافت اور تاریخ میں گہرے طور پر جڑے ہوئے ہیں اور باہمی اعتماد، علاقائی و عالمی معاملات پر نظریات کی ہم آہنگی سے مضبوط ہوئے ہیں۔خیال رہے کہ 28 مئی کو ترکیہ میں ہونے والے انتخابات میں ترکیہ کی اپوزیشن کے خواب اس وقت چکنا چور ہوگئے جب صدر رجب طیب اردوان نے اپنی دو دہائیوں سے جاری حکمرانی کو 2028 تک بڑھانے کے لیے تاریخی رن آف الیکشن میں باآسانی کامیابی حاصل کی۔
طیب اردوان نے 14 مئی کو پہلے راؤنڈ میں سیکولر حریف کمال کلیچدار اوغلو کو تقریباً 5 فیصد پوائنٹس سے شکست دے کر توقعات سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا، تاہم وہ واضح فتح حاصل کرنے سے جزوی طور پر پیچھے رہ گئے تھے جس کے سبب حتمی فیصلہ آج ترکیہ کے پہلے انتخابی رن آف الیکشن میں ہوا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی خبر کے مطابق انتخابی نتائج موصول ہونے کے بعد رجب طیب اردوان کے صدارتی محل کے قریب ان کے حامیوں کی بڑی تعداد موجود تھی جہاں لاؤڈ اسپیکر پر نغمے گائے جا رہے تھے اور ترکیہ کا بہت بڑا جھنڈا لہرا رہا تھا۔
اے کے پی کے پرجوش ووٹرز رجب طیب اردوان کی تصاویر کے ساتھ ترکیہ کے جھنڈے اور بینرز لہراتے ہوئے عمارت کے باہر جمع ہو گئے جب کہ پرجوش موٹر سوار حامیوں نے اپنی گاڑی کے ہارن بجا کر خوشی کا اظہار کیا۔جب یہ واضح ہو گیا کہ انہوں نے بطور صدر تیسرا مینڈیٹ حاصل کرلیا تو انہوں نے استنبول میں پرجوش سامعین سے خطاب کیا جب کہ اس دوران آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔

