اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر)وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینٹر اسحٰق ڈارنے کہا ہے کہ پاکستان بھنور سے نکل آئے گا اور ہم سب مل کرصبر، ہمت اورحوصلہ سے ملک کو معاشی مشکلات سے نکال کرپائیدار ترقی کی راہ پرگامزن کریں گے، ملک ڈیفالٹ ہوگا اورنہ ہی سری لنکا بنے گا، پاکستان میں بہت لچک اوراستعداد ہے، میرا ایمان ہے کہ ملک دوبارہ ٹیک آف کرے گا، حکومتی اقدامات سے کئی شعبوں میں بہتری آئی ہے۔
وزیر خزانہ نے ان خیالات کا اظہار ایف بی آر ہیڈکوارٹرز میں اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے وفد سے نئے مالی سال کے وفاقی بجٹ کے لیے تجاویز پر ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد، وزیراعظم کے معاونین خصوصی طارق باجوہ اورطارق محمود پاشا اور ایف بی آر و وزارت خزانہ کے افسران بھی اس موقع پرموجود تھے۔وزیرخزانہ نے کہا کہ ملک جس مشکل وقت سے گزررہاہے حکومت تمام شراکت داروں کے ساتھ مل کر مسائل پرقابو پائے گی، ہماری نیت نیک ہے اور ہماری کوشش عبادت سے کم نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2017 میں ٹیک آف کرتی معیشت کو گزشتہ چار برسوں میں نقصان پہنچایا گیا، ہماری معیشت 24 ویں نمبر سے 47 پوزیشن پر چلی گئی، سیلاب اور معاشی مشکلات نے ہماری معیشت کوبہت نقصان پہنچایاہے تاہم الحمدللہ ہماری ٹیم بہترین کام کررہی ہے، ٹھنڈی ہوائیں اور بہتری آرہی ہے، خوردنی تیل اورپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دوہفتوں کے دوران دوبار کمی کی گئی ہے۔
وزیرخزانہ نے کہا کہ پہلے اوپن مارکیٹ نہیں ہوتی تھی اور سارے پیسے اسٹیٹ بینک میں جاتے تھے مگر 1998 کے دھماکوں کے بعد ہم نے کیش فلو کے مسائل سے نمٹنے کے لیے طریقہ کاروضع کیا، دو دن پہلے ہم نے اس حوالے سے ایک اور دلیرانہ فیصلہ کیا جس کے اثرات آج سامنے آئے، کریڈٹ کارڈ کے استعمال پر بینکرز کوڈالر لینے پڑتے تھے، اس کے لیے ہم نے اجازت دے دی ہے اس سے ڈالرکی قدر میں بہتری آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے میں غیرضروری تاخیرہو رہی ہے، ہماری طرف سے تمام تر اقدامات مکمل ہیں، بیرونی فنانسنگ کے تقاضے بھی پورے کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 2013 میں بھی ہماری معیشت کومشکلات کاسامنا تھا، ہمارے پاس اس وقت بھی زرمبادلہ کے ذخائرکم تھے اورملک کے دیوالیہ ہونے کی باتیں ہورہی تھی مگر اس وقت بھی ہماری ٹیم نے تاجروں اور کاروباری برادری کے تعاون سے مشکلات پرقابو پالیاتھا، ہم نے اس چیلنج سے گھبرانا نہیں ہے، پاکستان بھنورسے نکل آئے گا اور ہم سب مل کرملک کوبھنور سے نکالیں گے۔
وزیرخزانہ نے کہا کہ ایک تماشا لگا ہوا تھا کہ ملک دیوالیہ ہوکرسری لنکا بنے گا، ملک ڈیفالٹ ہوگا اور نہ ہی سری لنکا بنے گا، پاکستان میں بہت لچک اوراستعداد ہے، پاکستان پر قرضہ ہے مگر 2 سے 3 ہزار ٹریلین کے اثاثے بھی ہیں، صرف گیس پائپ لائن کی قیمت 30 سے لیکر40 ارب ڈالرسے زیادہ ہے، میرا ایمان ہے کہ ملک نے دوبارہ ٹیک آف کرنا ہے۔
اسحٰق ڈار نے کہا کہ ہم تاجروں، صنعتکاروں اورکاروباریوں سے مل کر ملک کومشکلات سے نکلیں گے، تمام بیرونی ادائیگیاں وقت پرہورہی ہے اور مستبقل کی بیرونی ادائیگیوں کو بھی یقینی بنایا جارہاہے۔انہوں نے کہا کہ بجٹ میں بزنس کمیونٹی کی طرف سے پیش کردہ سفارشات اورتجاویز کا جائزہ لیاجائے گا اور ان تجاویز کربجٹ کاحصہ بنانے کی کوشش کی جائےگی۔

