جامشورو (ڈیلی گرین گوادر) جامشورو کے علاقے کوٹری میں شدید بارش اور ژالہ باری کے نتیجے دیوار گرنے سے تین بچے جاں بحق اور 4 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔کوٹری کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) خیر محمد ملاح نےڈیلی گرین گوادر کو بتایا کہ تیز ہوا کے ساتھ ژالہ باری کے نتیجے میں 7 سالہ عاصمہ، 8 سالہ فرحانہ اور 10 سالہ محمد یوسف دیوار گرنے سے جاں بحق ہوگئے جن کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ایس ایچ او نے کہا کہ کوٹڑی کی کچی آبادی کے علاقوں بروہی چوک اور ببر اسٹاپ پر دیواریں گرنے سے یہ واقعات پیش آئے ہیں جس میں 2 بچوں سمیت 4 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔سول ہسپتال کوٹری کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ برکت لغاری نے بتایا کہ بارش اور ژالہ باری کے نتیجے میں 3 بچے جاں بحق ہوگئے جبکہ چار افراد زخمی ہوگئے ہیں، تاہم ضروری طبی کارروائی کے بعد بچوں کی لاشیں ورثا کے حوالے کی گئی ہیں۔
ادھر بارش اور ژالہ باری کے بعد شہر میں مواصلاتی نظام شدید متاثر ہوگیا جبکہ کچھ علاقوں میں پانی جمع ہوگیا جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی۔خیال رہے کہ 26 مئی کو محکمہ موسمیات کی طرف سے جارہ کردہ رپورٹ میں رواں ہفتے کے دوران ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں وقفے وقفے سے آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشن گوئی کی گئی تھی جبکہ ملک بھر میں درجہ حررات معمول سے کم رہنے کے امکان ظاہر کیا گیا تھا۔
محکمہ موسمیات نے پیشن گوئی کی تھی کہ 28 مئی کو مغربی ہوائیں ملک کے بالائی اور مغربی علاقوں میں داخل ہونں گی ، جو 31 مئی تک ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں پر موجود رہیں گی جس کے باعث 30 مئی کے دوران بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ، ژوب، بارکھان، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، چمن، پشین، نوشکی، نصیرآباد، سبی، قلات،لسبیلہ ،خضدار جبکہ سندھ کے اضلاع سکھر، دادو، کراچی، حید رآباد، جیکب آباد، لاڑکانہ، شہید بے نظیرآباد، میرپور خاص اور خیر پور میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان۔

