لاہور(ڈیلی گرین گوادر) سراج الحق نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو ملک کو مزید عدم استحکام سے بچانے کے لیے مذاکرات کا آغاز کرنا ہوگا، بہتر ہوگا سیاسی جماعتیں اگست میں شفاف انتخابات کے لیے اتفاق رائے پیدا کرلیں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے منصورہ دفتر آمد پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سیاسی استحکام اور شفاف انتخابات کےلئے وزیراعظم، پی ٹی آئی چیئرمین اور دیگر رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں، ہم اب بھی سمجھتے ہیں کہ مذاکرات ہی بہتری کا راستہ ہیں،عوام کو فیصلے کا اختیار دیا جائے،پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم ذاتی مفادات کی سیاست اور ہٹ دھرمی کی روش ترک کردیں، دونوں قوم کے مفاد میں جماعت اسلامی کےدیئے گئے الیکشن روڑ میپ پر متفق ہوجائیں۔
انہوں نے کہاکہ ہم جاننا چاہتے ہیں کہ مجھ پر خودکش حملے میں کون ملوث ہے، اللہ تعالی کے کرم اور عوام کی دعاؤں سے حملے میں کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا، تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین نے رابطہ کیا ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں ، عالمی اسلامی تحریکوں کے رہنماؤں، غیر ملکی سفیروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں،اہل بلوچستان اور ملک بھر کی ماؤں، بہنوں، بیٹیوں اور قوم کی جانب سے ہمدردی اور محبت کے اظہار پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں،جماعت اسلامی بغیر کسی خوف کے عوام کے حقوق کی جدوجہد جاری رکھے گی۔

