کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے نیب کی جانب سے شہبازشریف کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سیاست دانوں کو گرفتار کرنا عمران خان کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔ حکومت فی الفور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو رہا کرے۔ عمران خان نیب کو سیاسی انتقام کے لیے استعمال کرنا بند کریں۔
شہبازشریف کی گرفتاری پر رد عمل دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ شہباز شریف کا صرف یہ قصور ہے کہ اس نے نواز شریف کا ساتھ نہیں چھوڑا۔ اس نے جیل جانے کو ترجیح دی مگر اپنے بھائی کو ساتھ کھڑا رہا۔ یہ انتقامی احتساب نواز شریف اور اس کے ساتھیوں کا حوصلہ پست نہیں کر سکتے۔ اب وہ وقت دور نہیں جب اس حکومت اور ان کو لانے والوں کا احتساب عوام کرے گی۔

