اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) سپریم کورٹ میں پنجاب میں انتخابات کیلئے عدالتی احکامات پر الیکشن کمیشن کو فنڈز جاری کرنے کی دوسری ڈیڈ لائن بھی ختم ہوچکی ہے۔ الیکشن کمیشن، وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بنک آج رپورٹس جمع کرائیں گے۔
الیکشن کمیشن، وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بینک فنڈز موصول ہونے یا نہ ہونے سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروائے گا۔سپریم کورٹ نے 14 اپریل کو ان چیمبر سماعت میں حکم دیا تھا کہ 17 اپریل تک اسٹیٹ بنک فنڈز جاری کرے۔ سپریم کورٹ نے ان چیمبر سماعت میں سٹیٹ بینک کو براہ راست فنڈز جاری کرنے کی ہدایت کی تھی۔
دوسری جانب سینئر قانون دان اعتزاز احسن نے لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئین کا تقاضا ہے الیکشن 90 روز میں ہونے ہیں ،وزیراعظم، وزیر داخلہ سمیت دیگرپر توہین عدالت لگ سکتی ہے ،پارلیمنٹ سے کوئی جنگ نہیں کرنا چاہتا، رانا ثناءاللہ نے کیوں کہا کہ 14 مئی کو الیکشن نہیں ہونے دیں گے، شہباز شریف نے کیوں کہاکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں، عدالت ان تمام افراد کو طلب کرے اور ان سے پوچھے کہ ایسے کیوں بیان دیئے اگر انکو سزا ہوئی تو پانچ سال کےلیے نااہل بھی ہونگے۔

