کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) 21 رمضان المبارک یوم شہادت حضرت علیؓ کی مناسبت سے صوبے کے تمام اضلاع میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے سماج عناصر کے خلاف انسدادی کاروائیوں میں مزید تیزی لائی جائیں شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اوریوم شہادت حضرت علیؓ کی مناسبت سے منعقدہ جلوسوں اور مجالس کوفول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کیلئے فلیڈ افسران تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لائیں۔ ان خیالات کا اظہارآئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے رمضان المبارک یوم شہادت حضرت علی ؓکی مناسبت سے جلوس کی سیکورٹی انتظامات اور امن امان کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرڈی آئی جی کوئٹہ غلام اظفر مہیسر، اے آئی جی آپریشن معروف صفدر،ایس ایس پی آپریشن ذوہیب محسن یوم علیؓ کے حوالے سے سیکورٹی اجلاس میں شریک تھے۔آئی جی پولیس بلوچستان نے کہاہے کہ سکیورٹی انتظامات کے دوران پولیس ٹیمیں سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کلوز کوارڈی نیشن رکھیں اور اسلحہ کی نمائش،لاوڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی یا نقص امن کی کوشش پر سخت قانونی کاروائی میں کوئی تاخیر نہ کی جائے۔ انہوں نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ حساس جلوسوں اور مجالس کے روٹس اور مقامات کے گردونواح میں روزانہ کی بنیاد پر سرچ، سویپ، انٹیلی جنس بیسڈ کومبنگ آپریشنز جاری رکھے جائیں جبکہ سپروائزری افسران سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کو ڈیوٹی کی حساسیت بارے موثر بریفنگ دیں تاکہ وہ اپنے فرائض بہتر طور پر ادا کرسکیں جبکہ جلوس روٹس پر آنے والی عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز تعینات کرنے کے ساتھ ساتھ جلوس کے راستے میں سادہ لباس میں اہلکاربھی تعینات کئے جائیں اور خواتین عزاداروں کی چیکنگ کیلئے خواتین پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے۔ آئی جی بلوچستان نے تاکید کی کہ جلوسوں اور مجالس کی عمارتوں اور روٹس پرضلعی انتظامیہ کے تعاون سے لائٹنگ کا مکمل انتظام کیا جائے اورمجالس اور جلوسوں کے مقامات پرہنگامی صورتحال کیلئے ایمبولینسز اورریسکیو ٹیموں کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے اور سکیورٹی انتظامات کے دوران مجالس اور جلوسوں کے منتظمین اور امن کمیٹیوں کے اراکین کے ساتھ مستقل رابطہ رکھا جائے۔ شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر شہریوں اور گاڑیوں کی چیکنگ کا نظام مزید موثر بنایا جائے۔آئی جی بلوچستان نے مزید کہا کہ حسا س مقامات اور گرد نواح پر ایگل اسکواڈ اور پیٹرولنگ فورسز کا گشت کا دورانیہ بڑھایا جائے تمام اضلاع کے شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ کچی آبادیوں میں سرچ، سویپ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے جبکہ کرایہ داری ایکٹ کے خلاف ورزی پر مالک مکان اور کرایہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی میں قطعی تاخیر نہ برتی جائے۔
داخلی و خارجی راستوں پر شہریوں اور گاڑیوں کی چیکنگ کا نظام مزید موثر بنایا جائے ، عبدالخالق شیخ

ٹیگز:
عبدالخالق شیخ
