کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بیوٹمز اسٹاف ایسوسی ایشن کے صدر کے نعمان خان کاکڑ، جنرل سیکرٹری شمس الہدیٰ، سینئر نائب صد ر سہیل انور بلوچ سمیت دیگر نے اپنے ایک بیان میں بیوٹمز ملازمین کو تاحال تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جامعہ انتظامیہ نے اگر تنخواہوں کی فوری ادائیگی یقینی نہ بنائی تو ملازمین مکمل ہڑتال پر مجبور ہونگے صوبے کی جامعات کو فور ی طور پربیل آؤٹ پیکج دیا اور گرانٹ ان ایڈ میں اضافہ کیا جائے۔ یہاں جاری کردہ ایک بیان میں بیوٹمز اسٹاف ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے کہا کہ بیوٹمز کے ملازمین کو ایک بار پھر تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی گئی ہے جس سے ملازمین شدید مہنگائی میں مالی مشکلات کا شکار ہیں 13سو ملازمین اور انکے اہلخانہ رمضان المبارک اور عید کی خوشیوں سے محروم ہیں۔انہوں نے کہا کہ بیوٹمزکے ملازمین کو چند لوگوں کی نااہلی کی وجہ سے پیدا ہونے والے معاشی بحران کی سزا دی جارہی ہے تنخواہ ملازمین کا حق ہے جس سے انہیں محروم رکھ کر انکے گھروں کے چولہے ٹھنڈے اور ملازمین کو فاقہ کشی پر مجبور کردیا گیا ہے۔ بیوٹمز اسٹاف ایسوسی ایشن نے جامعہ بلوچستان کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے احتجاج کی بھر پور انداز میں حمایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بیوٹمز اور جامعہ بلوچستان کے لئے فوری طور پر بیل آؤٹ پیکج، گرانٹ ان ایڈ میں اضافے اور بلوچستان اسمبلی کی قرار داد پر عملدآمد کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ اگر بیوٹمز ملازمین کو فوری طور پر تنخواہوں کی ادائیگی یقینی نہ بنائی گئی اور جامعہ کے معاشی بحران کا مستقل حل نہ نکالا گیا تو ملازمین مکمل ہڑتال کرنے پر مجبور ہونگے اور اس احتجاج کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔
تنخواہوں کی فوری ادائیگی یقینی نہ بنائی تو ملازمین مکمل ہڑتال پر مجبور ہونگے ، بیوٹمز اسٹاف ایسوسی ایشن

ٹیگز:
بیوٹمز اسٹاف
