کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر و سابق صوبائی وزیر شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ بلوچستان میں گزشتہ 10سالوں کے دوران غیر سنجیدہ طرز حکمرانی نے صوبے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے آئندہ عام انتخابات میں ہم خیال دوستوں کے ہمراہ غیر سنجیدہ لوگوں سے جان چھڑوائیں گے اور صوبے کو سنجیدہ قیادت دیں گے جو صوبے کے مسائل کو حل کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے گی۔یہ بات انہوں نے بدھ کو اپنے دفتر میں اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر جان محمد جمالی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان بلوچستان کی سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان اس وقت بدحالی اور بحرانوں کا شکار ہے صوبے میں ابتر حکمرانی اور غیر سنجیدہ طرز عمل کی وجہ سے مسائل کے انبار لگے ہوئے ہیں اور عوام کو ریلیف نہیں مل رہا جس سے انکے احساس محرومی میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی خوشحالی اور ترقی کے ملکی سطح پر گہرے اثرات مرتب ہوسکتے ہیں آئندہ عام انتخابات سے قبل تمام ہم خیال دوستوں کو اکھٹا کر یں گے اور کامیاب ہونے کے بعد صوبے میں سنجیدہ قیادت کی حکومت بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے اجتماعی مسائل کے حل اور عوام کے مفا د کے لئے سب کو ملکر چلنا ہوگا آنے والی حکومت صوبے کے لئے تحفہ ہوگی اور ترقی و خوشحالی کی نوید لائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس وقت غیر سنجیدہ قیادت کی وجہ سے بلوچستان میں جو خلاء پایا جاتا ہے ہم اس سے جان چھڑوائیں گے گزشتہ ایک دہائی میں صوبے کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑاکیا گیا ہے ہم ان نقصانات کے ازالے کی بنیاد رکھیں گے۔
بلوچستان میں گزشتہ 10 سالوں کے دوران غیر سنجیدہ طرز حکمرانی نے صوبے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے ، شیخ جعفر مندوخیل

ٹیگز:
شیخ جعفر مندوخیل
