کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)ڈپٹی کمشنر کوئٹہ شہک بلوچ کی ہدایت پر پرائس کنٹرول کمیٹی سریاب کی گرانفروشوں کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں۔اس سلسلے میں گزشتہ روز عوامی شکایات پر اسسٹنٹ کمشنر سریاب نثار احمد لانگو کی سربراہی میں سریاب کسٹم اور مل کے علاقوں میں دودھ فروشوں، قصائیوں اور مہنگے داموں چینی فروخت والوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے دس دکانداروں کو گرفتار کرکے جیل بھج دیا گیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سریاب نثار احمد لانگو نے کہاکہ شہر میں گرانفروشوں کے خلاف عوامی شکایات پر فوری عمل درآمد جاری ہے۔اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ اپنے تئیں بھی ضروریات زندگی کی اشیاء کی قیمتوں کی نگرانی جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہاکہ تاجر نمائندوں سے بارہا درخواست کی گئی ہے کہ وہ ایسے دکانداروں کیخلاف تنظیمی سطح پر بھی ایکشن لیں جسکے باعث تمام تاجر برادری کو مشکلات درپیش ہوتی ہیں ایسے دکانداروں کا بائیکاٹ ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ انتظامیہ کسی قسم کے دباؤ کو خاطر میں لائے بغیر بلاتفریق و بلا تعطل کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے عوام کو ایسے عناصر کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے جوکہ ناجائز منافع خوری میں ملوث ہیں۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گرانفروشوں کے خلاف کارروائی آئندہ بھی جاری رہے گی۔
پرائس کنٹرول کمیٹی سریاب کی گرانفروشوں کیخلاف کارروائیوں میں 10 دکاندار گرفتار

ٹیگز:
پرائس کنٹرول
