کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنما ء اور سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا ہے کہ کرپشن کے ناسور نے اس ملک کو تباہ و برباد کرکے رکھ دیا ہے، کھربوں روپے کے بجٹ پاس کرانے کے باوجود چاروں صوبوں میں ترقی نظر نہیں آتی 75سال گزرنے کے باوجود پاکستان 1947کے نقشے میں گھوم رہا ہے ملک سے کرپشن اور دہشت گردی کے خاتمے کا واحد حل یہ ہے کہ حکومت عوامی نمائندوں کے احتساب کیلئے ری کال الیکشن کرانے کا ایک قانون لائے اور اس قانون کو سینیٹ اور قومی اسمبلی سے منظور کرایا جائے جس حلقے میں ترقی و خوشحالی نظر نہ آئے وہاں کے عوامی نمائندے کو فارغ کرکے ری الیکشن کرایا جائے تاکہ کرپٹ عوامی نمائندوں کا محاسبہ ہو۔ یہ بات انہوں نے ملاقات کرنے والے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہاکہ کھربوں روپے کے ترقیاتی بجٹ پاس ہوئے لیکن چاروں صوبوں میں ترقی کہیں نظر نہیں آتی کیونکہ عوامی نمائندوں نے علاقے کی ترقی کے بجائے اپنی ذات کو ترقی دی اور لوٹ مار کی، یہی وجہ ہے کہ پاکستان آج بھی 75سال گزرنے کے بعد 1947کے نقشے میں گھوم رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ کرپشن کے ساتھ ساتھ حکومت میں دہشتگردی بھی بڑھی ہے اس کرپشن اور دہشت گردی کے تدارک کا واحد علاج ری کال الیکشن ہے یعنی جس حلقے میں ترقی نہ نظر آئے اور فنڈز کا بے دریغ استعمال صرف عوامی نمائندے کی جیب میں جائے ایسے کرپٹ عوامی نمائندے کو ڈی سیٹ کرکے نئے الیکشن کرائے جائیں بے شک اس عوامی نمائندے کو چھ ماہ ایک سال یا دو سال ہوں ری کال الیکشن کراکے کسی دوسرے کو موقع دیا جائے جو حلقے اور عوام کے ساتھ مخلص ہو اور کرپٹ عوامی نمائندے کا عوام کے ووٹ کے ذریعے احتساب کے ساتھ ساتھ قانونی طور پر بھی محاسبہ کرکے اس سے سرکارکا یہ پیسہ نکالا جائے ایسا قانون بنانے کیلئے حکومت سینیٹ اور قومی اسمبلی سے ایک قانون پاس کروائے تو یقیناً ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا اور کرپٹ عناصر جو اپنی ذات تک محدود ہیں اور ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں ان کی حوصلہ شکنی ہوگی اگر سلسلہ یوں ہی چلتا رہا اور کرپٹ عناصر کو 5سال پورے کرنے کا موقع ملتا رہا تو نہ صرف وہ اپنے علاقے کو تباہ و برباد کرے گا بلکہ کرپشن اور دہشت گردی کو بھی دوام ملے گا لہذا میری تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت سے یہ اپیل ہے کہ وہ سنجیدگی سے اس تجویز پر غور کریں ملک کو بچانے کیلئے آگے آئیں اور کرپشن دہشتگردی کے خاتمے کیلئے اپنا تاریخی کردار ادا کریں ورنہ آنے والی نسلیں انہیں اچھے الفاظ میں یاد نہیں کریں گی۔
کرپشن کے ناسور نے اس ملک کو تباہ و برباد کرکے رکھ دیا ہے، میر عبدالکریم نوشیروانی

ٹیگز:
میر عبدالکریم نوشیروانی
