ڈیرہ اللہ یار(یو این اے )ایس ایس پی جعفرآباد کامران نواز پنجوتھا نے کہا ہے کہ ڈیرہ اللہ یار پولیس نے ڈکیتی میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرکے نقدی اور اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔ ایس ایس پی آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عید الاضحی سے دو روز قبل پانچ مسلح ڈاکوں نے موبائل مارکیٹ اور صحبت پور چوک کے قریب آٹوز کی دکان میں ڈکیتی کی تھی۔ڈی ایس پی صدورا خان لاشاری اور ایس ایچ او جاوید کھوسہ نے جدید تکنیکی ذرائع کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان سمندر ڈومکی اور علی مراد ڈومکی کو گرفتار کیا، جن سے دو لاکھ تیس ہزار روپے نقدی اور دو ٹی ٹی پستول برآمد ہوئے۔ ملزمان نے دوران تفتیش اپنے دیگر ساتھیوں کی نشاندہی بھی کی ہے اور پولیس مزید گرفتاریوں کے لیے سرگرم ہے۔ایس ایس پی نے کہا کہ عوام اور سیاسی تنظیمیں کسی واقعے کے بعد فوری سڑکیں بلاک نہ کریں، اس سے عوام اور پولیس کو مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔ تعاون کی صورت میں ملزمان کو جلد ٹریس کیا جا سکتا ہے، بصورت دیگر پولیس دیگر مسائل میں الجھ کر اصل مجرموں تک پہنچنے میں دشواری کا شکار ہوتی ہے۔ آئندہ سڑک بلاک کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔دوسری جانب پشین میں پرانی دشمنی پر فائرنگ کے نتیجے میں نوجوان صدام خان ولد سردار محمد عرف سردارئی زخمی ہوگئے۔ واقعہ کوئٹہ چمن مین شاہراہ پر عزیز پیٹرول پمپ کے قریب پیش آیا۔ زخمی نوجوان کو فوری طور پر سول ہسپتال پشین منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں کوئٹہ ریفر کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کا نتیجہ ہے، مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ڈیرہ اللہ یار ،ڈکیتی میں ملوث دو ملزمان گرفتار،پشین میں فائرنگ سےنوجوان زخمی

