کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) ترجمان حکومت بلوچستان فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں صوبے کی ترقی و خوشحالی کیلئے کوشاں ہے ملکی تاریخ کے اہم ترین ثقافتی سبی میلے کے کامیاب انعقاد پر ضلعی انتظامیہ پولیس و دیگر متعلقہ ادارے خراج تحسین کے مستحق ہیں،سبی میلہ صوبے کی ثقافتی روایات کا امین مانا جاتا ہے جس سے بلوچستان کی ثقافت کو اجاگر کرنے کا موقع ملتا ہے۔ترجمان صوبائی حکومت نے کہا کہ سبی میلے کے معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں خاص کر ایگریکلچر اور لایوسٹاک سے منسک افراد کیلئے یہ ایک بہترین پلیٹ فارم کے طور پر جانا جاتا ہے جہاں بہترین نسل کے مال مویشیوں کی خرید و فروخت کی جاتی ہے اور حکومت کی جانب سے ان کی حوصلہ افزائی کیلئے اقدامات کئے جاتے ہیں. ترجمان صوبائی حکومت نے کہا کہ میلے کی تاریخی اہمیت و افادیت کو مدنظر رکھتے ہوئے موثر اقدامات کئے گئے تھے.اپنے محدود وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے بہترین حکمت عملی کا مظاہرہ کیا. تمام تر ذمہ داری کو احسن انداز میں سر انجام دیا.دیگر تمام محکموں نے بھی اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کیا. انہوں نے کہا کہ اپنی ثقافت کی حفاظت اسے بہترین طریقے سے اپناتے ہوئے اُجاگر کرنا زندہ قوموں کی نشاندہی کرتا ہے. صوبائی حکومت کی ہر ممکن کوشش ہوتی ہے کہ اس طرح کے ایونٹ کا انعقاد ضرور کیا جائے جن سے عوام کو فائدہ پہنچے اور صوبے کا مثبت امیج دنیا کے سامنے پیش کیا جا سکے. بلوچستان کی سر زمین ثقافتی ورثہ سے مالا مال اور امن سلامتی اور باہمی اتحاد کی عکاسی کرتی ہے جہاں پر مختلف زبان بولنے والے افراد بغیر کسی تفریق کے ایک ساتھ رہتے ہیں.
صوبائی حکومت میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں صوبے کی ترقی و خوشحالی کیلئے کوشاں ہے، فرح عظیم شاہ

ٹیگز:
فرح عظیم شاہ
