اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) کراچی اور اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹس پر محکمہ کسٹمز کو اربوں روپے کی زمین غیر قانونی طور دیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے کراچی اور اسلام آباد انٹر نیشنل ایئرپورٹس کی اربو ں روپے مالیت کی زمین پاکستان کسٹمز کو غیر قانونی طور پر دے دی۔سی اے اے انتظامیہ کے غیر قانونی اقدام کا بھانڈا آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی رپورٹ نے پھوڑ دیا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سی اے اے آرڈیننس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 6 ایکڑ زمین اسلام آباد ایرپورٹ پر دینے کی منظوری دی گئی۔
اسی طرح کراچی ایرپورٹ کی حدود میں کسٹمز کو رہائشی کالونی کے لئے زمین دی گئی، کسٹمز افسران کو رہائش کے لئے کراچی ایئرپورٹ پر بنگلے بھی الاٹ کیے گئےروپرٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ محکمہ کسٹمز کو زمین کی الاٹمنٹ سی اے اے بورڈ کے 188 ویں اجلاس میں دی گئی، سی اے اے انتظامیہ نے محکمہ کسٹمز کو زمین دے کر سی اے اے لینڈ لیز پالیسی 2019 کی بھی خلاف ورزی کی، معاملے کی تحقیقات اور ملوث افسران کے خلاف کارروائی کی جائے۔

