کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ بیان میں پشاور کے پولیس لائن مسجد میں خودکش بم دھماکے کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس المناک، انسانیت سوز واقعہ پر انتہائی دکھ اور افسوس کااظہار کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز پشاور میں المناک، انسانیت سوز اور وحشت وبربریت پر مبنی واقعہ جس میں 100کے قریب افراد شہید اور 150سے زائد زخمی ہوئے ہیں، ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے سرومال کو تحفظ دیں اورایسے دل خراش واقعات کی روک تھام کیلئے لازم ہے کہ ان کے پس پردہ جو بھی عناصر ہے کو بے نقاب کرکے عوام کے سامنے لایاجائے اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ وحشت اور دہشت پر مبنی جو واقعہ رونماء ہوا یہ تمام خطے بالخصوص پشتونخوا وطن پر ایک نئی جنگ مسلط کرنے کی ناکام کوشش ہے۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی دنیا اور اپنے عوام کو باخبر کرتی ہے کہ اگر چہ خدانخواستہ یہ جنگ شروع ہوئی تو اس کے انتہائی خطرناک نتائج مرتب ہونگے اور یہ جنگ کسی کے قابو میں نہیں رہیگی۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی اس وحشت ناک، دلخراش واقع میں شہید اور زخمی ہونیوالوں کے لواحقین کے ساتھ اپنی گہری رنج وغم کا اظہا ر کرتے ہوئے شہدا کیلئے دعائے مغفرت اور تمام زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کرتی ہے۔
ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے سرومال کو تحفظ دے، پشتونخواء ملی عوامی پارٹی

