حب (ڈیلی گرین گوادر)عرصہ دراز سے صوبائی اور قومی اسمبلیوں میں رکن اور وزیر ہونے کے باوجود حب کے نام نہاد نمائندوں بھوتانی برادرزنے کوئی ترقیاتی کام نہیں کیا جس سے ضلع حب کے عوام مایوسی کا شکار تھے۔ جب کہ ہم نے ضلع حب میں ترقیاتی کام کرائے جو کہ اسلم بھوتائی سے ہضم نہیں ہو رہے اور اُن کی جانب سے ہمارے خلاف ذاتی طور پر جھوٹے الزامات کا سلسلہ جاری ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گااور اُ ن الزامات کا ہر فورم پر بھرپور جواب دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی حب کے ضلعی صدر میر علی حسن زہری نے اپنے اخباری بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلم بھوتانی پہلے بھی ہم پر ذاتی طور پر جھوٹے اور من گھڑت الزامات لگاتے رہے ہیں اور ہماری جانب سے ترقیاتی کاموں اور سیلاب کے دوران حب ، لسبیلہ اور گردونواح میں امدادی سرگرمیوں سے بوکھلاہٹ کا شکار ہونے کے بعد ایک مرتبہ پھر سے جھوٹے الزامات لگانا شروع کر دیا ہے جسے اب کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ضلع حب اور لسبیلہ کے عوام ہمارے ساتھ ہیں جبکہ نام نہاد نمائندوں کے فریب میں مزید نہیں آئیں گے جنہوں نے علاقے کے عوام کے لئے کچھ نہیں کیا۔بھوتانی برادرز نے ہمیشہ اپنے ذاتی مفادات کے لئے کام کیا اور اب بھی ان کی توجہ صرف اور صرف اپنی ذات کے لئے مفادات پر مرکوز ہے ۔ انہیںضلع حب کے غریب عوام سے کوئی سروکار نہیں جس کا مظاہرہ گزشتہ تباہ کن سیلاب اور اس کی تباہ کاریوں کے دوران ضلع کے عوام نے بخوبی دیکھا ہے۔ ان نام نہاد نمائندوں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں رتی بھر کام نہیں کیا جبکہ ہمارے امدادی سرگرمیوں اور بحالی کے کاموں پر نکتی چینی اور من گھڑت الزامات لگا تے رہے۔یہی وجہ ہے کہ ضلع حب کے عوام انہیں یکسر مسترد کر چکے ہیں جن کا انہیں اندازہ بھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ضلع حب میں عوام کی حقیقت خدمت کرنا ہمارا گناہ ہے تو ہم یہ گناہ کرتے رہیں گے کیونکہ عوام کی خدمت ہی ہمارا نصب العین ہے اور یہ خدمت ہم جاری رکھیں گے ۔میر علی حسن زہری نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ اسلم بھوتانی ہوش کے ناخن لیتے ہوئے ہمارے خلاف جھوٹے اور من گھڑت الزامات کا سلسلہ بند کریں ۔ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو ہر فورم پر ان کے بے بنیاد الزامات اور ان کی منفی سوچ کا بھرپور جواب دیا جائے گااور ضروری قانونی چارہ جوئی بھی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں پیپلز پارٹی عوام کی طاقت سے ان نام نہاد نمائندوں کی سیاست کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے دفن کر دیں گی اور بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کر کے ضلع حب کی نمائندگی کا صحیح معنوں میں حق ادا کریں گے اور ضلع حب کو ترقی کے نئے سفر پر گامزن کرنے کے ساتھ ساتھ صوبے کے لئے خدمات کا سلسلہ کو تیز کریں گے۔
اسلم بھوتانی کو حب میں ہمارے ترقیاتی کام ہضم نہیں ہو رہے،میر علی حسن زہری

ٹیگز:
میر علی حسن زہری
