کوئٹہ: انجمن تاجران نے سانحہ مچھ کے خلاف کل کوئٹہ میں شٹرڈاؤن ہڑتال کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق مرکزی انجمن تاجران بلوچستان نے سانحہ مچھ کے خلاف کل 7جنوری کو کوئٹہ میں شٹرڈاون ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔صدرانجمن تاجران عبدالرحیم کاکڑ کا کہنا ہے کہ ہزارہ برادری کے ساتھ اظہاریکجہتی کے طورپر شٹرڈاؤن ہڑتال کررہے ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ سانحہ مچھ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ عوام کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔صدرانجمن تاجران نے کہا کہ شٹرڈاون ہڑتال کے دوران کوئٹہ میں تمام تجارتی کاروباری مراکز بند ہوں گے۔
واضح رہے کہ اتوار کی صبح مچھ میں ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے 11 کان کنوں کو بے دردی سے گلا کاٹ کر قتل کردیا گیا تھاجس کے بعد ان کےلواحقین نے میتیں مغربی بائی پاس پر رکھ کر دھرنا دیا ہوا ہے۔
متاثرین کا مطالبہ ہے وزیر اعظم عمران خان کوئٹہ آئیں اور ان کے مطالبات کی فوری منظوری کے احکامات جاری کریں اس کے بعد ہی وہ اپنے پیاروں کی تدفین کریں گے۔
دوسری جانب وزیر اعظم نے آج اپنے پیغام میں ہزارہ برادری سے درخواست کی ہے کہ میتوں کی تدفین کردیں ، وہ جلد ان سے ملنے کوئٹہ آئیں گے۔

