آواران(ڈیلی گرین گوادر) ڈپٹی کمشنر آواران جمعہ داد خان نے عوامی خواہشات و مطالبات پر عملدرآمد کرتے ہوئے مہنگے داموں پیٹرول اور ڈیزل فروخت کرنے پر پیٹرول پمپس کے خلاف کاروائی، متعدد پیٹرول پمپس کو سیل اور عملے کو حراست میں لے لیا، عوام کی جانب سے کاروائی پر خوشی و اطمینان کا اظہار۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے کے روز بھی ڈپٹی کمشنر آواران جمعہ داد خان عوامی خدمت میں پیش پیش رہے اور از خود پیٹرول پمپس کے خلاف کارروائیوں کا آغاز کردیا۔ عوامی مطالبات پر عملدرآمد کرتے ہوئے انہوں نے آواران سٹی میں مہنگے داموں پیٹرول اور ڈیزل فروخت کرنے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک سے زائد پیٹرول پمپس کو سیل کروادیا جب کہ پیٹرول مہنگے دام فروخت کرنے پر عملے کو بھی حراست میں لے لیا۔ ڈپٹی کمشنر آواران جمعہ داد خان کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی بے راہ روی اور ذاتی خواہشات کی تکمیل کی اجازت نہیں دی جا سکتی ہے پیٹرول یا دیگر اشیاء مہنگا فروخت کرنے والوں کے خلاف قانون ضرور حرکت میں آئیگی اور ایسے پیٹرول پمپس یا دکانداروں کے خلاف ضرور کارروائی ہوگی جو مناسب قیمت کی بجائے مہنگے دام فروخت کرتے ہیں۔ دریں اثناء آواران کے شہریوں نے ڈپٹی کمشنر آواران کی کاروائی کی تعریف کرتے ہوئے کہاہے کہ عوامی خواہشات کی تکمیل کرتے ہوئے ڈی سی آواران نے احسن کام سرانجام دیا ہے اور امید ہے کہ وہ عوامی مفادات کی خاطر ایسے اقدامات آئندہ بھی اٹھاتے رہیں گے۔
آواران، مہنگا پیٹرول اور ڈیزل فروخت کرنے پر پیٹرول پمپس کے خلاف کاروائی، عملہ زیر حراست

ٹیگز:
مہنگا پیٹرول
