کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی رہنما انجینئر ہادی عسکری نے کوئٹہ میں خود کش حملے میں بے گناہ افرادکی شہادت اورزخمی ہونے کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی میں ملوث عناصرکسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں خود کش حملے میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرکے قرار واقعی سزاد ی جائے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انجینئر ہادی عسکری نے کہا کہ دہشت گردعناصر اپنے مذموم مقاصد کیلئے بے گناہ پولیس اہلکاروں اور شہریوں کو اپنی دہشت گردی کا نشانہ بنارہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ہرقسم کی دہشت گردی کی مذمت کی ہے اور دہشت گردوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کامطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں پولیس اہلکاروں کے ٹرک پر خود کش حملے میں بے گناہ پولیس اہلکار،خاتون اوراسکے دو بچوں کی شہادت کسی سانحہ سے کم نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت خود کش دھماکے میں ملوث اصل دہشت گردوں اورانکے سہولت کاروں کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچائے اور آئندہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام کیلئے موثراورعملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے خود کش حملے میں شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے تعزیت اورہمدردی جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے کہاکہ حکومت اورمحکمہ صحت خود کش دھماکے میں زخمی ہونے والے افرادکو علاج معالجے کی بہترسہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے۔
کوئٹہ میں پو لیس پر خود کش حملے میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرکے قرار واقعی سزاد ی جائے،انجینئر ہادی عسکری

ٹیگز:
انجینئر ہادی عسکری
