کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر میر چنگیز خان جمالی،جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑاورسیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے علامہ اقبال کی یوم پیدائش پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال برصغیر کے مسلمانوں کے ایک عظیم رہنما تھے علامہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کو خواب غفلت سے جگا کر ان میں جداگانہ قومیت کا احساس پیدا کیا۔یہاں جاری ہونے والے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ علامہ محمداقبال کے افکار نے برصغیر کے مسلمانوں میں امید کا وہ چراغ روشن کیا جس نے نہ صرف منزل پائی بلکہ راستے کی بھی نشاندہی کی علامہ اقبال نے رنگ و نسل کے امتیاز کی حوصلہ شکنی کی اور مسلمانوں میں اتحاد اور یگانگت کا درس دیا۔انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لئے ہمیں اقبال کے پیغامات پر کاربند ہونے کی ضرورت ہے وقت کی ضرورت ہے کہ ہم پاکستان کو صحیح معنوں میں ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لئے علامہ اقبال کے سوچ وفکر کی پیروی کریں۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے ہمیں بیداری اور وحدت کا پیغام دیاعلامہ اقبال کے پیغام کی پیروی کرتے ہوئے ہمیں اختلافات کو پس پشت ڈال کر پاکستان کو درپیش مسائل کے حل کے لئے محنت کرنی چاہئے۔
علامہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کو خواب غفلت سے جگا کر ان میں جداگانہ قومیت کا احساس پیدا کیا،میر چنگیز خان جمالی

ٹیگز:
میر چنگیز خان جمالی
