کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)سینئر سیاست دان سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ ثقافت زندگی گزارنے کے اصولوں کا نام، رواج قومی ارتقاء کا اثاثہ ہے ان کا تحفظ نہ کیا گیا تو صدیوں پر محیط قومی شناخت کھودیں گے یہ بات انہوں نے گزشتہ روز جرگہ و میڑھ کے عنوان پر ہونے والے ایک مکالمے میں گفتگو کرتے ہوئے کہی،نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا کہ بلوچ معاشرے نے قوموں کو یکجا کرنے کیلئے اصولوں کا تعین کرکے اصول بنائے اور ارتقائی عمل سے گزر کر ہم قوم اور وطن کے مالک بنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ پشتون رواج قومی ارتقاء کا اثاثہ ہے، اقوام اس کی امین ہیں صدیوں پر محیط اپنے رسم و رواج کا تحفظ معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے، رواج کا تحفظ نہ کیا گیا تو ہم اپنی قومی شناخت کھودیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ پشتون رواج نے مسائل اور تنازعات کے حل کی راہیں متعین کی ہیں، جرگہ قبائلی معاملات سماج کے رسم و رواج کا امین ہے جو انصاف فراہم کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی ارتقاء کو روکنے کیلئے وہ خود غرض لوگ جو ذاتی مفاد کیلئے زندگی گزارتے ہیں ا نہوں نے ہمارے اتفاق میں انتشار کا عنصر شامل کیا، انہوں نے تاریخی حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ریاست قلات کے ایوان بالا اور ایوان ذیلی کے ساتھ ایک کونسل بھی تھی جس میں سراوان اور جھالاوان کے چیف کے ساتھ ایک دو سردار بیٹھتے تھے اگر خان قلات کے دربار کے سرداروں کے درمیان یا پھر سرداروں کے درمیان کسی معاملہ پر تنازعہ پیدا ہوتا تو کونسل اس تنازعہ کا فیصلہ کرتی تاکہ لوگوں کو متحد رکھا جائے۔ نوشکی، چاغی، مستونگ، خضدار، ژوب، ڈیرہ غازی خان میں جرگے منعقد کئے جاتے تھے جن میں فیصلے کئے جاتے تھے ان جرگوں میں تنازعات پر نہ ہونے والے فیصلوں کو سبی کے شاہی جرگہ میں حل کیا جاتا تھا سبی جرگہ کا دورانیہ پورا ایک مہینہ چلتا اپر سندھ کمشنری کے جرگہ میں نواب اسد خان رئیسانی کی سربراہی میں سو کے قریب سردار بیٹھتے تھے جہاں قوموں کے مسائل حل کئے جاتے تاکہ اقوام کے درمیان اتفاق کو برقرار رکھا جاسکے۔
ثقافت زندگی گزارنے کے اصولوں کا نام، رواج قومی ارتقاء کا اثاثہ ہے،نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی

