تربت(ڈیلی گرین گوادر) چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس نعیم اختر افغان نے جمعہ کوتربت میں زیر تعمیر بلوچستان ہائی کورٹ سرکٹ بینچ کے کمپلیکس کی عمارت کی سائٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر بلوچستان ہائی کورٹ کے جج صاحبان جسٹس عبدالحمید بلوچ،جسٹس سردار احمد حلیمی، سیشن جج تربت عبدالصبور مینگل، ایڈیشنل سیشن جج تربت یوسف کاکڑ، اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل ظہور احمد، اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل نصرت بلوچ اور سابقہ ایڈووکیٹ جنرل ناظم الدین بلوچ ایڈوکیٹ اور اسسٹنٹ ریجسٹرار سرکٹ بینچ تربت زاہد رحیم بھی انکے ہمراہ تھے۔اس دوران چیف انجینئر محکمہ مواصلات و تعمیرات فیض بلوچ، ایکسیئن بی اینڈ آر (بلڈنگ) ضلع کیچ عبدالقیوم رند، تعمیراتی کمپنی کے ٹھیکیدار محمد ظریف رند اور کنسلٹنٹ نیسپاک کے اہلکاروں نے سائٹ پہنچنے پر چیف جسٹس بلوچستان کا پرتکلف استقبال کیا۔ دریں اثناء چیف انجینئر فیض بلوچ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ تقریباً 34000 سکوائر فٹ پر مشتمل مکمل عمارت مین کورٹ بلڈنگ، ریسٹ ہاؤس، سروینٹ کوارٹر اور کینٹین وغیرہ پر مشتمل ہوگا جسے تقریبا 39 کروڑ اور 59 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ کام کا آغاز نومبر 2021 ہوا تھا۔جسے تقریباً 3 سال کے عرصے میں مکمل ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنٹریکٹر کی جانب سے کام شیڈول کے مطابق ہوریا ہے مگر متعلقہ اداروں کی جانب سے منصوبے کے لیے مختص فنڈز کے اجراء میں تاخیر سے کام کو جاری رکھنے میں ہمیں مشکلات کا سامنا ہے۔اس دوران چیف جسٹس بلوچستان جسٹس نعیم اختر افغان نے یقین دلاتے ہوئے کہا کہ وہ فنڈز کی بروقت دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے کوئٹہ میں متعلقہ حکام سے خود بات کرینگے تاکہ سرکٹ بینچ تربت کمپلیکس کا منصوبہ تاخیر کا شکار نہ ہوپائے اور اپنے مقررہ مدت میں اختتام پذیر ہوجائے۔ اس موقع پر انہوں نے چیف انجینئر محکمہ مواصلات و تعمیرات کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اگلے ہفتے کوئٹہ تشریف لے آئیں تاکہ محکمہ خزانہ اور پی اینڈ ڈی حکام کے ساتھ ملکر فنڈز کی دستیابی کے لیے بات چیت کا آغاز کیا جاسکے۔اس دوران انہوں نے کام کی نگرانی پر مامور نیسپاک کے اہلکاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ کام کی نگرانی میں کسی غفلت کا مظاہرہ نہ کریں اور بلڈنگ کی تعمیر میں کام کے معیار پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہ کریں اور تعمیراتی میعار کو برقرار بنانے کے لیے اعلیٰ قسم کے میٹیریل کی دستیابی کو ہر صورت یقینی بنائیں۔ اس دوران چیف جسٹس نے وہاں پر سرکٹ بنچ کمپلیکس کے لیے زیر تعمیر بلڈنگ کے مختلف حصوں کا معائنہ بھی کیا اور تعمیراتی کام کے حوالے سے انجینئروں، کنسلٹنٹ اور تعمیراتی کمپنی کے ٹھیکیدار سے کام کے حوالے سے صلاح مشورہ بھی کیا۔بعد ازاں چیف جسٹس بلوچستان جناب جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس عبدالحمید اور جسٹس سردار احمد علیمی نے بلوچستان ہائی کورٹ سرکٹ بینچ کے سائٹ پر کجھور کا پودا کاشت کرکے شجر کاری مہم کا بھی آغاز کیا۔ اس موقع پر چیف جسٹس نے عمارت کی تکمیل کے بعد سرکٹ بینچ تربت کے احاطے کے گرین بیلٹ میں زیادہ سے زیادہ درخت کاشت کرانے کی کی اہمیت پر زور بھی دیا۔ قبل ازیں چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس نعیم اختر افغان نے بلوچستان ہائی کورٹ کے جج صاحبان اور دیگر عدالتی حکام کے ہمراہ سیشن کورٹ کے جوڈیشل افسران کے لیے زیر تعمیر رہاشی کالونی کا بھی دورہ کیا جہاں پر چیف انجینئر فیض بلوچ نے اپنے اسٹاف کے ہمراہ چیف جسٹس کو بریفننگ دیتے ہوئے انہیں کام کے پروگریس کے بارے میں آگاہ کیا۔ چیف جسٹس نے سیشن کورٹ کے جوڈیشل افسران کی رہائشی کالونی کو معیاری طریقہ سے تعمیر کرکے منصوبے کو شیڈیول کے مطابق مکمل کرنے پر زور دیا۔اس موقع پر تعمیراتی کمپنی کے کنٹریکٹر محمد امین بلیدی بھی وہاں پر موجود تھے۔
چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس نعیم اختر افغان کاتربت میں زیرتعمیر بلوچستان ہائی کورٹ سرکٹ بینچ کےعمارت کا دورہ

