کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماوں نے کہا ہے کہ 8فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی پورے ملک میں کلین سوئپ کرے گی اور بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم بنیں گے،صاف و شفاف انتخابات کا انعقاد لیول پلیئنگ فیلڈ ہر سیاسی جماعت کا حق ہے الیکشن کمیشن صاف وشفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائے،بلوچستان اور خاص کر ہزارہ ٹاؤن میں پارٹی کو یونین کونسل کی سطح پر فعال اور منظم بنایا جائے گا۔ یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کی صوبائی کونسل کے ممبر انجینئر ہادی عسکری،کوئٹہ ڈسٹرکٹ کے جنرل سیکرٹری ولی محمد وردگ،وکلاء ونگ کے صدر سید ظہورآغا،خواتین ونگ کی صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ثناء درانی، ماہ جبین جمالی،محمودہ نسرین،عہدیہ بتول اوردیگر نے ہفتہ کو ہزارہ ٹاؤن کے 11یونٹوں کے عہدیداروں کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس سے قبل ولی محمد رودگ نے ہزارہ ٹاؤن کے یونٹوں کے نئے عہدیداروں سے حلف لیا۔مقررین نے ہزارہ ٹاون کے یونٹ عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نئے منتخب عہدیدار علاقے میں پاکستان پیپلز پارٹی کو فعال بنانے اور پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے پیغام کو گھر گھر پہنچانے کیلئے اپنی تمام ترصلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اسوقت ملک کی سب سے بڑی سیاسی وجمہوری جماعت ہے اور سیاسی رہنما اور عوام جوق درجوق پارٹی میں شمولیت کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں پارٹی کے یوم تاسیس کے حوالے سے 30نومبر کو ہونے والا جلسہ بلوچستان کی سیاسی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا پارٹی کے جیالے جلسے کی کامیابی کیلئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آئین اورقانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے ملک میں جمہوریت کی بحالی کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن شہید محترمہ بے نظیر بھٹو سمیت سینکڑوں جیالوں نے اپنی جانوں کے نذرانے دیئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو ہر دور میں دیوار سے لگانے کی کوششیں کی گئی ہیں لیکن پاکستان پیپلز پارٹی عوام کے دلوں میں بستی ہے اور پارٹی نے ہمیشہ عوام کے ووٹوں سے اقتدار میں آکر بلا رنگ و نسل انسانیت کی خدمت کی۔ انشاء اللہ آنے والا وقت بھی پاکستان پیپلز پارٹی کا ہی ہے پارٹی بلوچستان سمیت چاروں صوبوں اور وفاق میں 8فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں کامیابی کے بعد حکومت بنائے گی اور بلاول بھٹو زرداری ملک کے وزیراعظم ہونگے
8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی پورے ملک میں کلین سوئپ کرے گی، ہادی عسکری

ٹیگز:
ہادی عسکری
