کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وطن عزیز کے دفاع کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا اور جانوں کی پرواہ نہ کرنے والے غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لئے بلوچستان بھر میں یومِ دفاع بھرپور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔یوم شہدا کے موقع پر کوئٹہ کینٹ میں یاد گار شہدا پر ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی جی او سی41 ڈیو میجر جنرل کاشف تھے۔ پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ اس موقع پر جی او سی 41 ڈیو میجر جنرل کاشف نے یاد گار شہدا پر پھول چڑھائی اور شہدا کے بلند مرتبے کے لئے فاتحہ خوانی کی اور شہدا کے لواحقین سے ملاقات کی۔جی او سی 44 اسپیشل سکیورٹی ڈویژن میجر جنرل عنایت حسین نے یوم دفاع و شہداء کے موقع پر شہداکے گھروں پر انکے ورثا سے ملاقات کی اور وطن عزیز کے لئے جان قربان کرنے والے شہداء کی قربانیوں کو خَراجِ عقیدت پیش کیا۔44 اسپیشل سیکورٹی ڈویژن کے دیگر سینئر افسران نے بھی مکران کی ساحلی پٹی میں شہدا کے گھروں پر انکے ورثا سے ملاقات اور اظہار یکجہتی کیا۔ یوم دفاع و شہداء کی مناسبت سے 44 اسپیشل سکیورٹی ڈویژن کے بریگیڈ کمانڈر نے جی ڈی اے پارک گوادر میں یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ملکی سلامتی اور شہدا کے بلند درجات کیلئے دعا کی-تقریب میں ضلعی انتظامیہ، مختلف اداروں کے سینئر عہدیداران اور اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر گوادر آرمی پبلک اسکول میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد قومی ترانہ پڑھا گیا۔ گوادر کے9 سرکاری اور 3 نجی اسکولوں کے مابین تقریری مقابلہ باعنوان “ہم نے گلشن کے تحفظ کی قسم کھائی ہے” منعقد ہوا جس میں 12 طلباء نے شرکت کی۔ مقررین نے یوم دفاع کے تاریخی پس منظر اور اس کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور شہداء پاکستان بالخصوص سانحہ لسبیلہ کے ہیروز کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کیا۔تقریب کے مہمان خصوصی 44 اسپیشل سکیورٹی ڈویژن کے بریگیڈ کمانڈر تھے۔ تقریب میں مختلف اداروں کے عہدیداران، سکولوں کے اساتذہ، طلبہ و طالبات اور علاقے کے عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سیلاب متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لئے گوادر میں یوم دفاع و شہداء کی تقریبات کو انتہائی سادہ رکھا گیا تھا۔
ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی یوم شہداء ملی جوش وجذبے سے منایا گیا

ٹیگز:
یوم شہداء
